فواد چوہدری پنجاب حکومت کے خلاف نواز شریف کا کاندھا استعمال نہ کریں، (ن) لیگ

ویب ڈیسک  منگل 25 فروری 2020
شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائی گئیں، طلال چوہدری فوٹو: فائل

شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائی گئیں، طلال چوہدری فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لئے نواز شریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں۔

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے فواد چوہدری کے ٹوئٹ کے جواب میں (ن) لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائی گئیں، فواد چوہدری کا بیان نوازشریف نہیں پنجاب حکومت کے خلاف ہے، انہوں نے پنجاب حکومت، یاسمین راشد اور سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز کو جھوٹا اور فراڈ قرار دیا، فواد چوہدری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لئے نواز شریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں، ایسے بیانات دے کر فواد چوہدری کا وزیراعلی پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہوگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے خلاف بیان کی وجہ بظاہر پی ٹی آئی سے فواد چوہدری کی جلد رخصتی کی نشاندہی ہے، ان کے بیان کا ایک مطلب یہ ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور بزدار صاحب کو فراڈ اور مشکوک قرار دے رہے ہیں،وہ ایسی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کریں جو معلوم کرے کہ پنجاب کے لوگوں کو مفت دوائی اور علاج پر پابندی کس نے لگائی؟ لاہور سے کچرا کیوں نہیں اٹھاسکتے؟ جو شہبازشریف کی چار میٹروز اور اورنج ٹرین کے مقابلے میں پشاور میٹرو کے کھڈے ابھی تک نہ بھرنے کی تحقیقات کرے؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔