لاہور قلندرز کی مایوس کارکردگی پر بچے کی پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 25 فروری 2020
پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا جنون عروج پر ہے اور کرکٹ شائقین اپنی اپنی ٹیم کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں فوٹو اسکرین گریب

پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا جنون عروج پر ہے اور کرکٹ شائقین اپنی اپنی ٹیم کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں فوٹو اسکرین گریب

پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں لاہور قلندرز کی شکست پر جہاں لاہور قلندرز کے سپورٹرز مایوسی کا شکار ہوئے وہیں ایک چھوٹے بچے کی پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا جنون عروج پر ہے اور کرکٹ شائقین اپنی اپنی ٹیم کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں یہاں تک کہ کچھ شائقین تو اس حد تک پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا ہیں کہ انہوں نے ہار اور جیت کو اپنے اوپر سوار کرلیا ہے اور اپنی ٹیم کی ہار برداشت نہیں کرپا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایسے ہی ایک چھوٹے بچے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں لاہور کی قلندرز کی شکست پر اتنا دلبرداشتہ ہوا کہ رو پڑا اور غصے میں لاہور قلندرز کو ہی کھری کھری سنادیں۔ بچے کو روتے دیکھ کر اس کے ساتھ موجود شخص نے کہا چھوڑو لاہور قلندرز کو تم ملتان سلطان کو سپورٹ کرو۔ ملتان سلطان ہر میچ جیت رہی ہے۔

تاہم بچے کو یہ آئیڈیا بالکل پسند نہیں آیا اور اس نے کہا کیوں میں ملتان میں جاؤں جب ہماری ٹیم ہی لاہور قلندرز ہے۔ بچے کے ساتھ موجود شخص نے اسے بتایا کہ شاہد آفریدی نے میچ میں کیسے چھکے مارے ہیں لیکن بچے نے روتے ہوئے کہا میں نہیں ہوں آفریدی کی طرف اللہ کرکے آفریدی آؤٹ ہی ہوجاتا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

بالآخر بچے نے روتے ہوئے جذباتی لہجے میں کہا میں لاہور قلندرز کی طرف بھی نہیں ہوں میں پاکستان کی طرف ہوں پاکستان زندہ باد۔ ویڈیو بنانے والے شخص نے بچے سے کہا چلو آئندہ میچ نہیں دیکھنا لیکن بچہ اس پر بھی تیار نہیں ہوا اورکہا میں دیکھوں گا میچ، دیکھوں گا کیسے ہارتا ہے لاہور قلندرز۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔