وزیراعظم سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی ملاقات، طویل المدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

ویب ڈیسک  منگل 25 فروری 2020
پاکستان نے اعتماد میں اضافہ کیا یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دیکھ رہے ہیں، وفد غیر ملکی سرمایہ کار (فوٹو : ریڈیو پاکستان ٹوئٹر)

پاکستان نے اعتماد میں اضافہ کیا یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دیکھ رہے ہیں، وفد غیر ملکی سرمایہ کار (فوٹو : ریڈیو پاکستان ٹوئٹر)

 اسلام آباد: وزیراعظم سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اور پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور مشیر تجارت بھی  موجود تھے۔ وفد نے پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ غیر ملکی وفد نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہےاور ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دیکھ رہے ہیں، ڈیجیٹل پاکستان کا وژن سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی کامیابی ہے،  وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کو کاروباری منصوبوں میں مکمل مدد اور سہولت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پچھلا سال معیشت کے استحکام کے حوالے سے چیلنجنگ تھا، استحکام کے حصول کے بعد توجہ اب سماجی و اقتصادی نمو کی طرف ہے، پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہا، پاکستان طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ 28 درجے بہتر ہوئی، پاکستان لامحدود مواقع کی سرزمین ہے، بالخصوص نوجوانوں کے لیے یہاں بے شمار مواقع موجود ہیں، ہم نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا ہے، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام سے بھی غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے احساس پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے،معاشرے کے غریب اور نظرانداز طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔