امریکی فوجی اور ایرانی وزیرصحت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  بدھ 26 فروری 2020
ایران میں نائب وزیر صحت اور ایک رکن پارلیمنٹ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، فوٹو : فائل

ایران میں نائب وزیر صحت اور ایک رکن پارلیمنٹ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، فوٹو : فائل

تہران / سیئول: ایران میں نائب وزیر صحت اور ایک رکن پارلیمنٹ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ جنوبی کوریا میں تعینات امریکی فوج کے ایک اہلکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے  کے مطابق کورونا وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئی ہیں۔ ایران کے نائب وزیر صحت ارج حریرچی اور رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ایران میں کورونا وائرس سے 50 افراد ہلاک

ایرانی رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہوں اور اب زیادہ عرصہ زندہ رہنے کی امید نہیں۔ نائب وزیر صحت نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کا مریض ہونے کی تصدیق کی۔

ادھر جنوبی کوریا میں تعینات ایک امریکی فوجی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 600 ہوگئی ہے جب کہ ایران میں 57 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ دو درجن سے زائد ممالک میں یہ وائرس داخل ہوچکا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس عالمگیر وبا بن سکتا ہے، عالمی ادارہ صحت کی وارننگ

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز ’’انتہائی تشویشناک‘‘ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ یہ وائرس اب تک عالمگیر وبا نہیں بنا لیکن اس میں عالمی وبا بننے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔