امریکی فوج کی صومالیہ پر فضائی بمباری

ویب ڈیسک  بدھ 26 فروری 2020
حملے میں الشباب کا منصوبہ ساز اہلیہ سمیت مارا گیا،امریکا کا دعویٰ (فوٹو: فائل)

حملے میں الشباب کا منصوبہ ساز اہلیہ سمیت مارا گیا،امریکا کا دعویٰ (فوٹو: فائل)

موغا ديشو: صومالیہ میں امریکی فضائیہ کی بمباری میں شدت پسند جماعت الشباب کا منصوبہ ساز اپنی اہلیہ سمیت ہلاک ہو گیا تاہم ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص ہماری کمپنی کا منیجر تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے ایک علاقے جیلب میں امریکی فضائیہ نے بمباری کی جس کے نتیجے میں شدت پسند جماعت الشباب کا مبینہ منصوبہ ساز اہلیہ سمیت ہلاک ہوگیا۔

افریقہ میں امریکی کمانڈر اسٹیفن ٹاؤنسینڈ  اور صومالیہ کی حکومت نے فضائی حملے میں الشباب کے 50 سالہ منصوبہ ساز کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم صومالیہ کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی نے حملے میں اپنے منیجر کے ہلاک ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

ٹیلی کام کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے 55 سالہ محمد حاجی سراج کمپنی کا علاقائی منیجر تھا اور کبھی الشباب کے لیے کام نہیں کیا ہے۔
امریکی کمانڈر اسٹیفن ٹاؤنسینڈ نے کہا کہ فضائی حملے میں شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو 15 دن کے اندر رپورٹ جمع کرائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔