چینی شخص اپنی نیند کی ویڈیو سے مشہور شخصیت بن گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 27 فروری 2020
یوآن سان کے سونے کی ویڈیو اس وقت چین میں مقبول ہورہی ہے (فوٹو: فائل)

یوآن سان کے سونے کی ویڈیو اس وقت چین میں مقبول ہورہی ہے (فوٹو: فائل)

بیجنگ: چین میں ایک غیر معروف اداکار ’’یوآن سان‘‘ اس وقت مشہور ہوا جب اس نے اپنی نیند کی ویڈیو براہِ راست نشر کی۔ اس نے مبینہ طور پر لوگوں سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ بتائیں آیا کہ وہ سونے کے دوران خراٹے لیتا ہے یا نہیں؟

اپنی پہلی ویڈیو اس نے لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’ڈوین‘ پر نشر کی تو اس کے سونے کی براہ راست ویڈیو لاکھوں افراد نے دیکھی۔ جب وہ بیدار ہوا تو یہ جان کر حیران رہ گیا کہ اس کے چینل سبسکرائبر میں یکلخت 8 لاکھ افراد کا اضافہ ہوگیا۔ اس کے بعد اس نے مزید ویڈیو اسٹریم کیں اور لوگوں نے دوبارہ اسے دیکھا۔ اب یہ ویڈیو وائرل ہوچکی ہے۔ اب اس اداکار کے فالوور کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ دوسری جانب یوآن سان کی ویڈیو کو دو کروڑ افراد دیکھ چکے ہیں۔

اب تنگ آکر اداکار نے اپنے ناظرین کو دوسری اقسام کی ویڈیو دکھانے کی پیشکش کی لیکن اکثریت نے کہا کہ وہ اسے سوتے ہوئے ہی دیکھنا چاہتے ہیں جواب میں یوآن سان نے کہا ہے کہ وہ سونے کی ویڈیو مزید نشر نہیں کریں گے۔

اداکار کے مطابق بوریت سے تنگ آکر انہوں نے اپنی نیند کی براہِ راست ویڈیو نشر کی تھی لیکن اب فی الحال مزید ویڈیو جاری نہیں کریں گے۔ اب حال ی ہے کہ جب بھی وہ اپنی اداکاری کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہیں تو لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ اپنی نیند کی ویڈیو کب جاری کریں گے؟ لیکن یوآن کے انکار پر 50 ہزار افراد ان کی سبسکرپشن چھوڑ چکے ہیں۔

یوآن سان نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ویڈیو سے بہت رقم کمائی ہے اور لوگوں نے انہیں 11 ہزار ڈالر کے آن لائن اور ورچول تحفے بھی دیئے ہیں۔

خیال رہے کہ یوآن سان کی ویڈیو مقبول ہونے کا راز یہ بھی ہے کہ اس وقت کورونا وائرس سے کروڑوں لوگ گھروں میں محصور ہیں اور وہ جی بہلانے کے لیے ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔