پاکستان سے ایران کروڑوں مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 26 فروری 2020
1102 کلو گرام ہیروئن کو 37 عدد پولی تھین بیگوں میں ذخیرہ کرکے رکھا گیا تھا، اے این ایف ۔ فوٹو : ایکسپریس

1102 کلو گرام ہیروئن کو 37 عدد پولی تھین بیگوں میں ذخیرہ کرکے رکھا گیا تھا، اے این ایف ۔ فوٹو : ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے غیر آباد علاقے گردی جنگل میں کارروائی کرکے 1100  کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اے این ایف راولپنڈی ہیڈ کوارٹرز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قائم پولیس اسٹیشن اے این ایف نوکنڈی نے خفیہ کارروائی کے دوران 1102  کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی جسے 37 عدد پولی تھین بیگوں میں ذخیرہ کرکے رکھا گیا تھا۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن کو افغانستان سے پاکستان اسمگل کیا گیا اور یہاں سے ایران اسمگل ہونا تھی تاہم ہیروئن کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت کارروائی کرکے ناکام بنادیا گیا ہے جس کی مالیت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔