پی ایس ایل کا ملتان میں میلہ سجنے پر شائقین خوشی سے نہال

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 27 فروری 2020
میچ سے کئی گھنٹے قبل ہی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آمد،لمبی قطاریں لگیں۔ فوٹو: فائل

میچ سے کئی گھنٹے قبل ہی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آمد،لمبی قطاریں لگیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ملتان میں پی ایس ایل کا میلہ سجنے پر شائقین خوشی سے نہال ہو گئے،مقامی شہریوں سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے بھی ہزاروں افراد اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

ملتان نے گذشتہ روز پہلی بار کسی پی ایس ایل میچ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تو شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، مقامی شہریوں سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے بھی ہزاروں افراد ملتان سلطانز کی حوصلہ افزائی کیلیے پہنچے، ان میں سے کئی ایک روز قبل ہی میزبان شہر آگئے تھی، اسی وجہ سے ہوٹلز اور کھانے پینے کے مراکز میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، پورے شہر میں میلے کا سماں رہا۔

میچ کا آغاز 7بجے ہوا، سیکیورٹی کا سخت پہرہ ہونے کے باوجود تماشائیوں کی بڑی تعداد نے 4بجے ہی اسٹیڈیم کی جانب بڑھتے ہوئے دروازے کھلنے کا انتظار شروع کردیا تھا۔ کئی اس امید پر بھی اطراف کے راستوں میں موجود رہے کہ انھیں ٹکٹ خریدنے کا موقع مل جائے گا لیکن مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، فیملیز نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، کھانے پینے کی اشیا ساتھ لے جانے کی اجازت نہ ملنے پر تماشائی مایوسی کا اظہار کرتے رہے۔

اسٹینڈز میں موجود شائقین نے  کھیل کا بھرپور لطف اٹھایا، چوکوں، چھکوں اور وکٹیں گرنے پر کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی گئی، ملتان سلطانز کے حق میں نعرے بھی لگائے جاتے رہے،ڈیرن سیمی دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی خاصے مقبول نظر آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔