کورونا وائرس عالمی تجارت کیلیے ڈراؤنا خواب بن گیا

کاشف حسین  جمعرات 27 فروری 2020
خام تیل کے نرخوں میں مسلسل کمی، عالمی نمائشوں کی صنعت بھی شدید متاثر 
: فوٹو: فائل

خام تیل کے نرخوں میں مسلسل کمی، عالمی نمائشوں کی صنعت بھی شدید متاثر : فوٹو: فائل

کراچی: کورونا وائرس نے عالمی تجارت کو بھی شکنجے میں جکڑ لیا۔

عالمی اسٹاک مارکیٹیں گراوٹ کا شکار ہیں، خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور فضائی سفر نہ ہونے کی وجہ سے ایئرلائنز، سیاحت، ہوٹل انڈسٹری کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ تجارتی نمائشیں بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم تجارتی نمائشوں کے ساتھ پاکستان میں مقامی سطح پر ہونے والی نمائشیں بھی متاثر ہورہی ہیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 7سے 8ملکی و غیر ملکی ایونٹ آرگنائزرز نے مارچ میں ہونے والی 3 نمائشیں منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ نمائشیں کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کی جارہی ہیں۔ تجارتی نمائشیں انڈسٹری کا درجہ رکھتی ہیں جس کا حجم ڈھائی ہزار ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ کورونا وائرس سے نمائشوں کی بین الاقوامی صنعت بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔