سندھ میں میٹرک کے طلبہ دو دہائیوں بعد جدید کمپیوٹر سائنس پڑھیں گے

صفدر رضوی  جمعرات 27 فروری 2020
ایکسپریس نیوز نے طلبہ کو کمپیوٹر سائنس کی پرانی کتابیں پڑھانے کی نشاندہی کی تھی۔ فوٹو:فائل

ایکسپریس نیوز نے طلبہ کو کمپیوٹر سائنس کی پرانی کتابیں پڑھانے کی نشاندہی کی تھی۔ فوٹو:فائل

کراچی: تقریباً دو دہائیوں کے بعد سندھ کے میٹرک کے طلبہ کمپیوٹر سائنس کی نئی کتابیں پڑھیں گے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ خواب غفلت سے بیدار ہو گیا اور صوبے میں میٹرک کی سطح پر طلبہ دودہائیوں بعد آئندہ سیشن سے کمپیوٹرسائنس کی نئی کتاب پڑھیں گے، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے ”ایکسپریس نیوز“   کی جانب سے خبرکی اشاعت کے بعد باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔

نئی اسکیم آف اسٹیڈیز کے جولائی سے شروع ہونے والے نئے سیشن 2020/21 سے  کمپیوٹرسائنس سمیت تمام سائنسی مضامین نویں اوردسویں دونوں جماعتوں میں پڑھائے جانے ہیں، جس کے لیے محکمہ میں 9 دسمبر 2019 کو نویں اور دسویں جماعتوں کے لیے کمپیوٹرسائنس کی کتاب کے مضامین کی تقسیم کا فارمولاجاری کیا تو یہ تقسیم پرانی کتاب سے ہی کردی گئی تھی اور پرانی کتاب کے اسباق کے 8 اسباق کو نویں جب کہ 3 اسباق دسویں جماعت میں پڑھانے سے متعلق اسکیم پیش کی۔

یہ اقدام ایسی صورت میں کیا گیا تھاجب محکمہ کی جانب سے کمپیوٹر سائنس کا نیا نصاب تیار بھی ہوچکا تھا، معاملہ سامنے آیا تو چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر سعید الدین کی جانب سے اس معاملے کی نشاندہی کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ایک خط لکھا گیا، جب کہ ”ایکسپریس نیوز“ نے اس سلسلے میں 21 فروری کی اپنی اردو اور انگریزی کی اشاعتوں میں اس حوالے سے تفصیلی خبر بھی شائع کی جس میں معاملے کی تفصیل سے نشاندہی کی گئی تھی۔

”ایکسپریس نیوز “  نے اس معاملے پرگزشتہ برس30 مارچ 2019 کو بھی خبر شائع کی تھی، تاہم اب 21 فروری کو جاری خبر کے بعد سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے اسی روز ایک پریس اعلامیہ جاری کیا جس میں تمام اسٹیک ہولڈز بشمول طلبہ اوراساتذہ کواطلاع دی گئی کہ نویں جماعت کمپیوٹرسائنس کی ٹیکسٹ بک اشاعت کے مرحلے میں ہے کمپیوٹرسائنس کی مذکورہ ٹیکسٹ بک کانیاایڈیشن نئے کریکولم کے ساتھ آئندہ تعلیمی سیشن 2020/21میں دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ موبائل کمپیوٹنگ اورآرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس جدید دورمیں گزشتہ دودہائیوں سے نویں جماعت میں کمپیوٹرسائنس کاجو نصاب تدریسی کے لیے پیش کررہاتھا اس میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ،DOS اور لینگویج میں  GW Basicکوجدید کمپیوٹرلینگویج کے طور پرہی پڑھایاجارہاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔