کراچی کو ریاست کی فوری توجہ کی اشد ضرورت ہے، سپریم کورٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 27 فروری 2020
شہریوں کا منزل تک سفر محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، عدالتی حکم نامہ۔ فوٹو:فائل

شہریوں کا منزل تک سفر محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، عدالتی حکم نامہ۔ فوٹو:فائل

کراچی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آرٹیکل 3 شہریوں کو انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے، کراچی کو ریاست کی فوری توجہ کی اشد ضرورت ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی تجاوزارت کیس کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، عبوری حکم نامہ 16 صفحات پر مشتمل ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت کا مطلب آزادی، مساوات، برداشت اور سماجی انصاف کا نام ہے، آرٹیکل 3 شہریوں کو انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے، صاف پانی اور سول انفراسٹرکچر شہریوں کا بنیادی حق ہے،  کراچی کو ریاست کی فوری توجہ کی اشد ضرورت ہے، ٹرانسپورٹ کے بغیر تعلیم حاصل کی جاسکتی ہے نہ کاروبار نہ کچھ اور، لیکن کراچی کے شہری موٹرسائیکل پر پوری فیملی کو جان خطرے میں ڈال کر سفر کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں کا منزل تک سفر محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تحریری حکم میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریلوے سے تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے حکم دیا گیا ہے کہ کیماڑی سے لانڈھی تک ریلوے کی دونوں جانب قبضے کرکے شادی ہالز، دفاتر، پیٹرول پمپس بنائے گئے، ریلوے قوانین ریلوے کی زمین پر ہاوسنگ سوسائٹیز بنانے کی اجازت نہیں دیتا، ریلوے کی زمین پر ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور پیٹرول پمپس ہوں، دفاتر یا ہاوسنگ سوسائٹیز، سب ختم کی جائیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔