آنکھوں کو سیاہ کرنے کی شوقین ماڈل اپنی بینائی کھوبیٹھی

ویب ڈیسک  جمعـء 28 فروری 2020
25 سالہ ماڈل الیگزینڈرا ساڈوسکا آنکھوں کو سیاہ کروانے کے عمل میں نابینا ہوچکی ہیں (فوٹو: ڈیلی میل)

25 سالہ ماڈل الیگزینڈرا ساڈوسکا آنکھوں کو سیاہ کروانے کے عمل میں نابینا ہوچکی ہیں (فوٹو: ڈیلی میل)

وارسا: پولینڈ کی ایک خاتون نے منفرد نظرآنے کے لیے اپنی آنکھوں کے ڈیلوں کو سیاہ روشنائی سے بھروادیا تاہم کچھ روز بعد ان کی ایک آنکھ کی بینائی ختم ہوگئی اور اب دوسری آنکھ بھی تیزی سے بصارت کھو رہی ہے جس پر ڈاکٹروں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

مغربی پولینڈ کے شہر روکلا سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ الیگزینڈرا ساڈوسکا ایک فنکار سے متاثر ہوکر ایک ٹیٹو فنکار کے پاس گئیں۔ انہوں نے آنکھوں کے سفید حصے کو سیاہ کروانے کے لیے اس میں خاص ڈائی (سیاہی) بھروائی لیکن یہ تدبیر انتہائی پریشان کن ثابت ہوئی اور ان کی بینائی جاتی رہی۔

آنکھیں سیاہ کرانے کے بعد انہوں نے تکلیف اور جلن کی شکایت کی اور ٹیٹو پارلر دوبارہ گئیں جہاں انہیں بتایا گیا کہ یہ معمول کی بات ہے اور آنکھ ٹھیک ہوجائے گی لیکن درد کش دواؤں کے باوجود وہ صحت یاب نہ ہوسکیں اور اندھی ہوچکی ہیں۔ اس جرم کی پاداش میں آپریشن کرنے والے فنکار کو تین سال کی سزا دی گئی ہے۔

دائیں آنکھ کی بصارت کھونے کے بعد انہوں نے ماہر ڈاکٹروں سے رجوع کیا جنہوں نے بتایا کہ اب یہ آنکھ بحال نہیں ہوسکتی۔ الیگزینڈرا کی دوسری آنکھ کی بینائی بھی مسلسل کم ہورہی ہے اور خدشہ ہے کہ یہ بھی بے نور ہوجائے گی۔ ڈاکٹروں کے مطابق آںکھوں میں سیاہی بھرتے ہوئے شدید غفلت ہوئی ہے۔

خاتون کے وکلا نے کہا کہ ٹیٹو کا ماہر اس سارے عمل سے واقف نہ تھا اس کے باوجود اس نے یہ عمل کیا جس کا نتیجہ اندھے پن کی صورت میں نمودار ہوا ہے۔ اس ضمن میں عدالت مزید کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔