پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز اور ملنسار ہیں، گریگ چیپل

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
لاہور آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں آکر ماضی کی یادیں تازہ ہوگئیں، یہاں کھیلنے کا ہمیشہ مزہ آیا، سابق آسٹریلوی کرکٹر (فوٹو : انٹرنیٹ)

لاہور آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں آکر ماضی کی یادیں تازہ ہوگئیں، یہاں کھیلنے کا ہمیشہ مزہ آیا، سابق آسٹریلوی کرکٹر (فوٹو : انٹرنیٹ)

 لاہور: سابق آسٹریلوی کپتان گریک چیپل نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز اور ملنسار ہیں اور وہ کرکٹ سے بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں۔

ایکسپریس کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل لاہور پہنچ گئے۔ ماضی کے معروف بلے باز اور کپتان نے شاہ فیصل گراؤنڈ کا دورہ کیا ۔سابق آسٹریلوی کپتان نے عاشق حسین قریشی کی یاد میں ہونے والے ٹورنامنٹ کا میچ بھی دیکھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ لاہور آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں آکر ماضی کی یادیں تازہ ہوگئیں، پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز اور ملنسار جب کہ کرکٹ سے بہت پیار کرنے والے ہیں، یہاں کھیلنے کا ہمیشہ مزہ آیا، ویٹرن کرکٹرز کو کھیلتا دیکھ کر بہت اچھا لگا ہے،عاشق حسین قریشی کرکٹ سے محبت کرنے والی شخصیت تھے۔

گریک چیپل نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے رحمن قادر سے بھی ملاقات کی۔ گریک چیپل نے رحمن قادر سے عبدالقادر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلاشبہ ایک عظیم کرکٹر اور بڑے انسان تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔