کورونا وائرس؛ عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ تک پابندی عائد

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے، انتظامیہ (فوٹو: فائل)

عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے، انتظامیہ (فوٹو: فائل)

 کراچی: پی آئی اے نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ تک پابندی عائد کر دی۔

پی آئی اے کے سرکولر کے مطابق پی آئی اے پاکستان سے سعودیہ جانے والے صرف اقامہ ہولڈرز رہائشی اور مستقل ویزا رکھنے والوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گی تاہم عمرہ اور وزٹ ویزا والے پی آئی اے سے سفر نہیں کر سکیں گے۔

اسی سے متعلق : کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا

 

سرکولر کے مطابق بزنس ویزا رکھنے والے پاکستانی دمام اور ریاض کے لیے پی آئی اے سے سفر کر سکیں گے، پشاور سے جدہ براستہ کراچی جانے والے مسافروں کو اپنے ملک میں ہی روکا جائے گا، اندرون ملک میں ہی روکے جانے والے مسافروں کو ایئر لائن قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ پڑھیں : کورونا وائرس؛ پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ 

پی آئی اے انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ  مسافروں کو تاکید کردی گئی ہے کہ وہ اپنے محفوظ سفر کے لیے پی آئی اے کال سینٹرز سے رابطے میں رہیں تاکہ پیش آنے والی کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔