ٹوٹا پھوٹا نظر آنے والا لیکن مہارت سے بنایا گیا فرنیچر

ویب ڈیسک  جمعـء 28 فروری 2020
یہ الماریاں ٹوٹی ہوئی ہر گز نہیں بلکہ ماہر بڑھئی نے انہیں اسی طرح ڈیزائن کیا ہے (تصاویر: فیس بک پیج)

یہ الماریاں ٹوٹی ہوئی ہر گز نہیں بلکہ ماہر بڑھئی نے انہیں اسی طرح ڈیزائن کیا ہے (تصاویر: فیس بک پیج)

آک لینڈ: اگر تصویریں دیکھ کر آپ سمجھ رہے ہیں کہ یہ ٹوٹا پھوٹا فرنیچر ہے تو ایک بار پھر غور سے دیکھیے… یہ ٹوٹا ہوا فرنیچر نہیں اور نہ ہی یہ فوٹو شاپ کی کارستانی ہے، بلکہ یہ نیوزی لینڈ کے ایک بڑھئی کے بنائے ہوئے شاہکار ہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں اور شوقین لوگ انہیں منہ مانگے داموں خرید بھی رہے ہیں۔

خبر کچھ یوں ہے کہ آک لینڈ، نیوزی لینڈ کے ایک فارغ البال بڑھئی ہینک ورہوف صاحب نے ریٹامنٹ کے بعد فارغ بیٹھنا گوارا نہیں کیا بلکہ اپنا شوق پورا کرنے کی ٹھان لی۔

انہیں عجیب و غریب فرنیچر بنانے کا بہت شوق تھا، اس لیے وہ اپنے گھر میں بنی ہوئی ورکشاپ میں گھس جاتے اور لکڑیوں کو انوکھے طریقے سے جوڑ کر ایسی الماریوں میں تبدیل کر دیتے جو بظاہر ٹوٹی پھوٹی دکھائی دیتیں لیکن درحقیقت وہ مکمل، سالم اور درست حالت میں ہوتیں۔

انہوں نے اپنے ہنر کے نمونوں کی کچھ تصاویر آن لائن خرید و فروخت کرنے والی ویب سائٹس پر بھی رکھیں جنہیں انوکھی چیزوں سے دلچسپی رکھنے والوں نے خریدا۔

لیکن ہینک ورہوف کی مقبولیت تب شروع ہوئی جب ان کی بیٹی نے فیس بُک پر ایک پیج بنایا جس پر اس عجیب و غریب فرنیچر کی تصویریں لگانا شروع کردیں۔ یہ پیج 21 فروری 2020ء کے روز بنایا گیا اور صرف ایک ہفتے کے اندر اندر اسے پسند کرنے والوں کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

یہاں آنے والے لوگ اظہارِ حیرت کرنے کے ساتھ ساتھ ورہوف کی مہارت پر داد بھی دے رہے ہیں۔

اپنے کام کے بارے میں ورہوف کا کہنا ہے کہ پہلے وہ کسی بھی الماری کو کاغذ پر ڈیزائن کرتے ہیں اور پھر لکڑیوں کو اسی حساب سے کاٹ کر جوڑتے ہیں اور الماری کو آخری شکل دیتے ہیں جس میں انہیں بعض اوقات 100 گھنٹے بھی لگ جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔