گریگ چیپل کی گورنر سندھ سے ملاقات، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر تبادلہ خیال

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
پی ایس ایل اپنے سنسنی خیز مقابلوں کی وجہ سے ایک معروف برانڈ بن چکا ہے، گریگ چیپل

پی ایس ایل اپنے سنسنی خیز مقابلوں کی وجہ سے ایک معروف برانڈ بن چکا ہے، گریگ چیپل

کراچی: آسٹریلیا کے سابق کپتان گریگ چیپل نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی اور کرکٹ کے میدان میں وزیراعظم عمران خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریگ چیپل نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی، گورنرہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں سابق آسٹریلیوی کپتان نے کرکٹ کے میدان میں وزیراعظم عمران خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سمیت کئی اعلیٰ پایہ کے پاکستانی کھلاڑی کرکٹ کے روشن ستارے ہیں۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں کرکٹ کے فروغ، انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی، اس ضمن میں پاکستان سپر لیگ کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنے دور کے معروف بیٹسمین گریگ چیپل  نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ میں پاکستان کا اہم مقام ہے اورعالمی سطح پر اس کھیل کے فروغ میں اس نے اہم کردار ادا کیا ہے، پی ایس ایل اپنے سنسنی خیز مقابلوں کی وجہ سے ایک معروف برانڈ بن چکا ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ مکمل طور پر پاکستان میں ہونے والی پی ایس ایل فائیو میں  شریک غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد پر ان کے مشکور ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ قدر مشترک ہے اور دونوں ممالک کے مقابلوں  میں شائقین کو شاندار کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے خلاف کئی یادگار پرفارمنس دیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت ملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے، اس میں شریک غیرملکی کھلاڑی پاکستان میں اپنےقیام سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہورہے ہیں، پوری پاکستانی قوم غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر ان کی مشکور ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔