ایران سے آنے والے 600 افراد کلیئر قرار، ماسک کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی عائد

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ نوجوان یحییٰ جعفری کی طبیعت میں بہتری ہونے لگی ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ نوجوان یحییٰ جعفری کی طبیعت میں بہتری ہونے لگی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایران سے واپس آنے والے زائرین میں سے 600 افراد کی اسکریننگ کرکے انہیں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے جب کہ حکومت نے سختی سے ذخیرہ اندوزی کی مذمت کی ہے اور کسی کو بھی مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کراچی میں صرف ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ اب رو بہ صحت ہے اور اس مریض کے تمام اہل خانہ کا طبی معائنہ ہوچکا ہے، الحمدللہ ان میں کسی بھی شخص میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں، اب تک 1419 افراد نے ایران کا سفر کیا اور اس میں سے 952 افراد واپس آ چکے ہیں اور 650 افراد کا طبی معائنہ ہوچکا ہے ان میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :وائرس کے دونوں مریضوں کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا

انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع سے ایران جانے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور حکومت ان افراد کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کر چکی ہے، کورونا وائرس کے حوالے سے بہت پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور ماسک کے حوالے سے شہر میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے اس سلسلے میں حکومت نے سختی سے ذخیرہ اندوزی کی مذمت کی ہے اور کسی کو بھی مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :ماسک مہنگے کیوں ہوگئے؟ عدالت کا سندھ حکومت سے جواب طلب

پریس کانفرنس میں موجود ڈائریکٹر انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ ہر آدمی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں صرف ان افراد کو ماسک پہننے کی ضرورت ہے جن کا تعلق ان افراد سے ہو جو وائرس کے شہروں میں سفر کرکے آچکے ہیں، صرف ہسپتال کا عملہ ماسک پہن رہا ہے، ہسپتالوں میں بلا ضرورت جانے سے گریز کیا جائے اور اگر کسی کا کوئی عزیز رشتے دار ہسپتال میں داخل ہے تو صرف ایک اٹینڈنٹ کو وہاں رہنا چاہیے گھر کے تمام افراد بالخصوص بچوں کو بلاضرورت ہسپتال جانے کی ضرورت نہیں۔

ماسک کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی عائد

دریں اثنا محکمہ داخلہ سندھ نے سیفٹی ماسک کے حوالے سے اہم اقدام ٹھاتے ہوئے ماسک کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ماسک کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف پابندی کراچی ڈویژن میں 60 روز کے لیے عائد کی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے شکار شہری کی حالت بہتر

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ نوجوان یحییٰ جعفری کی طبیعت میں بہتری ہونے لگی، یحییٰ جعفری کے اہلخانہ، دوستوں اور دیگر کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کے لیے ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔