مودی کا ہندو بالا دست نظریہ مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 28 فروری 2020
مودی کا ہندو بالادستی کا ایجنڈا جرمن نازیوں کے یہودیوں سے متعلق ایجنڈے کا عکس ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

مودی کا ہندو بالادستی کا ایجنڈا جرمن نازیوں کے یہودیوں سے متعلق ایجنڈے کا عکس ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے وزیر اعلی کی حیثیت سے گجرات میں مسلمانوں کے خلاف  ظلم و ستم ڈھایا اور اب ہم نئی دہلی میں بھی ایسا ہی دیکھ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے گھروں اور کاروباری اداروں کو نذر آتش کیا جارہا ہے، مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا، قتل و غارت گری کی گئی،  مساجد اور قبرستان نذر آتش کیے جارہے ہیں، یہ تمام حالات  جرمن نازیوں کے یہودیوں پر حملوں سے مشابہ ہیں، دنیا کو فاشسٹ نسل پرست مودی حکومت کی اس سفاک حقیقت کو قبول کرنا چاہئے اور اسے روکنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی بار بار کہہ چکا ہوں کہ مودی کا ہندو بالادست ایجنڈا 1930 کی دہائی میں یہودیوں کو نشانہ بنانے والے  نازی ازم کے مترادف ہے،  جب کہ مودی نے وزیر اعلی کی حیثیت سے گجرات میں مسلمانوں کے خلاف جو ظلم و ستم کیا تھا وہی اب ہم نئی دہلی میں بھی ایسا ہی دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کیمبرج یونیورسٹی کی لیکچرار پریا گوپال کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پریا گوپال نے بھی دلی میں مسلمانوں پر حملوں کو جرمن نازیوں کے یہودیوں پر حملوں سے مشابہ قرار دیا ہے، نریندر مودی کا ہندو بالادستی کا ایجنڈا جرمن نازیوں کے یہودیوں سے متعلق ایجنڈے کا عکس ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔