گوادر میں چار سال بعد ہر قسم کی تعمیرات پر عائد پابندی ختم

بزنس رپورٹر  جمعـء 28 فروری 2020
پابندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا تھا، تعمیرات کے لیے جاری کردہ پرانے این او سی بھی بحال (فوٹو : فائل)

پابندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا تھا، تعمیرات کے لیے جاری کردہ پرانے این او سی بھی بحال (فوٹو : فائل)

 کراچی: گوادر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہر قسم کی تعمیرات اور ترقیاتی کاموں پر عائد پابندی ختم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے تعمیرات پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں پر چار سال سے پابندی عائد تھی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا تھا ساتھ ہی گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے تعمیرات کے لیے جاری کردہ پرانے این او سی بھی بحال کردیے ہیں اور جی ڈی اے نے باضابط نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق رہائشی، کمرشل، صنعتی، تفریحی تعمیرات، ویئر ہاؤس کی تعمیر پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، گوادر ماسٹر پلان نہ ہونے کی وجہ سے تعمیرات پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم اب چین کی معاونت سے گوادر کے اسمارٹ سٹی ماسٹر پلان کی منظوری کے بعد پابندی ختم کردی گئی ہے۔

گوادر میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے والے کراچی کے فرقان احمد نے بتایا کہ گوادر کی رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی میں جمود طاری تھا جو اب تعمیراتی سرگرمیوں بحال ہونے کے بعد ختم ہو جائیں گی اور گوادر مقامی ابادی کو بڑے پیمانے پر روزگار حاصل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔