ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 فروری 2020
ملتان سلطانز کی جانب  سے بلاول بھٹی نے 3 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو: فائل

ملتان سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو: فائل

ملتان:  پی ایس ایل فائیو کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 30 رنز سے شکست دے دی۔ 

ملتان میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ریلی روسوو کی برق رفتار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 199 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 175 رنز بناسکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، روئے 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد احمد شہزاد کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے احسن علی 14 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ اعظم خان صر 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دوسری جانب شین واٹسن نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 41 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ واٹسن کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

آل راؤنڈر بین کٹنگ 12 اور انور علی 14 رنز بنانے کے بعد بلاول بھٹی کا شکار بنے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے 2 اور اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا، ذیشان صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد معین علی بھی صرف 6 رنز ہی بناسکے اور آؤٹ ہوگئے۔

جیمز ونس نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد کپتان شان مسعود نے ریلی روسو کے ساتھ ملکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھییلے اور دونوں نے 139 رنز کی زبردست شراکت قائم کیا جس سے وہ کوئٹہ کو بڑا ہدف دینے میں کامیاب رہے۔

شان مسعود 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 رنز پر آؤٹ ہوگئے تاہم ریلی روسوو نے پہلے 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر مخالف بولروں کو خوب پریشان کیے رکھا، روسوو نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کی انہوں نے پانچویں سیزن کی دوسری سنچری صرف 43 گیندوں پر بنائی ، یوں انہوں نے مجموعی طور پر پی ایس ایل میں ساتویں سنچری اسکور کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔