ہر شخص کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں، ماہرین صحت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 29 فروری 2020
اسپتالوں میں موثر اقدامات نہیں کیے گئے، ڈاکٹرعافیہ ظفر،ڈاکٹر ثمرین اور دیگر۔ فوٹو: فائل

اسپتالوں میں موثر اقدامات نہیں کیے گئے، ڈاکٹرعافیہ ظفر،ڈاکٹر ثمرین اور دیگر۔ فوٹو: فائل

کراچی: ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ہر شخص کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں، شہری کھلی فضا میں سانس لیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں، شہری کھلی فضا میں سانس لیں اور خوف محسوس نہ کریں جو متاثرہ یا ممکنہ مریض کے قریب یا ایسے علاقے میں ہوں جہاں کورونا کا خطرہ قرار دے دیا گیا وہاں ماسک کا استعمال کیا جائے، اس وائرس سے اموات کی شرح صرف 2فیصد ہے اورپاکستان میں الحمداللہ حالات قابو میں ہیں۔

کورونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اس سے متاثرہ مریض 5 سے 15دن میں صحت مند ہوجاتے ہیں۔عوام کو چاہیے کہ اجتماعات میں نہ جائیں اور دور رہیں۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ اجتماعات والے ایونٹس کو عارضی طور پر موخر کر دے۔ سندھ کے اسپتالوں میں مطلوبہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر کے سیکریٹر ی جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد، ڈاکٹر سہیل اختر ڈاکٹر عافیہ ظفر، پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے صدرڈاکٹر نثار راؤ، میڈیکل مائیکرو بیالوجی اینڈ انفیکشیزسوسائٹی آف پاکستان کی ڈاکٹر ثمرین سرفراز، پی ایم اے کراچی کے صدر ڈاکٹر محمد شریف ہاشمانی اورجنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے جمعے کو پی ایم اے ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔