خواتین کو بار بار فیس بک ریکوئسٹ بھیجنا ہراسیت ہے، کشمالہ طارق

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 14 مارچ 2020
خاتون کے لباس کی تعریف بھی ہراسیت، ہر عورت کو کام کی جگہ عزت ملنی چاہیے۔ فوٹو: فائل

خاتون کے لباس کی تعریف بھی ہراسیت، ہر عورت کو کام کی جگہ عزت ملنی چاہیے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی کشمالہ طارق نے کہاکہ اگر کسی خاتون کو کوئی بار بار فیس بک ریکوسٹ بھیج رہا ہے تویہ ہراساں کرنا ہے۔

کشمالہ طارق نے اسلام آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب میں کہاکہ اگر کسی خاتون کوکام کے اوقات کے بعد کوئی چائے یا کھانے پر بلا رہا ہے یا کوئی بار بار فیس بک ریکوسٹ بھیج رہا ہے تویہ ہراساں کرنا ہے،خواتین ہراسانی کیخلاف محتسب برائے انسداد ہراسانی سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے ہر دن ویمن ڈے ہے، ہم سارے خواتین کے حقوق کیلئے باہر آئے ہیں،ہر ادارے میں کوشش کرتے ہیں خواتین کی نمائندگی کو پروموٹ کریں ان کو کام کی جگہ عزت ملے،خواتین انسداد ہراسانی محتسب میں آن لائن شکایت کر سکتی ہیں،اگرکسی خاتون کوکام کے اوقات کے بعد کوئی چائے پر یا کھانے پر بلا رہا ہے تو اسکی شکایت خواتین انسداد ہراسانی محتسب کو کریں،خاتون راستے میں جا رہی ہے اس کے لباس کی کوئی تعریف کرتا ہے تو یہ ہراسیت ہے۔

کشمالہ طارق نے کہاکہ دو مہینے کے اندر انسداد ہراسانی محتسب فیصلہ کرتا ہے،جب محتسب بنی مہینے کے پانچ کیسز آتے تھے اب 12  گنا کام بڑھ گیا ہے،جس ادارے میں ہراسانی محتسب کا کوڈ آف کنڈکٹ نہیں ہو گا انہیں ایک لاکھ تک جرمانہ  کریں گے۔صدر اسلام آباد چیمبرمحمد احمد وحید نے بھی خطاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔