کورونا کے 29 مصدقہ اور 25 مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 مارچ 2020
عوام خوفزدہ نہ ہوں ہمیں احتیاطی تدابیر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، معاون خصوصی صحت ( فوٹو: فائل)

عوام خوفزدہ نہ ہوں ہمیں احتیاطی تدابیر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، معاون خصوصی صحت ( فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29  ہے مزید مشتبہ افراد کی تعداد بھی 25 سے زائد ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کی نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، سرجن جنرل آف آرمی، ڈی جی آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں، 2 ماہ کی معافی سےسیکڑوں قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جیل میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان کیا ہے۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29  ہے جب کہ مشتبہ افراد کی تعداد بھی 25 سے زائد ہے، کورونا وائرس ایک قومی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے قومی سلامتی کے کچھ فیصلوں پر فوری عمل درآمد شروع ہوگیا ہے، وفاق،  صوبے اور تمام متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنا کیسے ہے اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے والے ہیں، آئی ایس پی آر اور وزارت اطلاعات کی مشترکہ آگاہی مہم بہت جلد سامنے آنے والی ہے، سوشل میڈیا پر جعلی مہم روکنے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں، مغربی سرحدیں بند کی جاچکی ہے اور حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر مضبوط اور مؤثر اقدامات کئے جائیں گے، عوام خوفزدہ نہ ہوں ہمیں احتیاطی تدابیر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔