کیمبرج امتحانی بورڈ کا پاکستان میں شیڈول کے مطابق امتحانات لینے کا اعلان

صفدر عباس رضوی  اتوار 15 مارچ 2020
انٹرنیشنل ٹائم ٹیبل 18ماہ کے عرصے کے لیے بنایا جاتاہے لہذاہم اسے تبدیل کرنے سے قاصرہیں، عظمیٰ یوسف ۔ فوٹو : فائل

انٹرنیشنل ٹائم ٹیبل 18ماہ کے عرصے کے لیے بنایا جاتاہے لہذاہم اسے تبدیل کرنے سے قاصرہیں، عظمیٰ یوسف ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان میں کورونا وائرس کے مسلسل کیسز سامنے آنے کے باوجود کیمبرج امتحانی بورڈ نے ملک میں ”اے اور او لیول“ کے سالانہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہی لینے کااعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں ”کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن “ کی پاکستان کی ڈائریکٹرعظمیٰ یوسف نے”ایکسپریس“ کو بھجوائے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم پاکستان میں اسکولوں کی بندش کے حکومتی اعلان سے آگاہ ہیں اوراس سلسلے میں متعلقہ حکومتی اتھارٹیزسے صورتحال کوسمجھنے کے لیے رابطے میں بھی ہیں تاکہ وہ طلبہ کی امتحانات میں شرکت کے نتیجے میں مضمرات سمجھا جاسکے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ یوسف کاکہناتھاکہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ دنیاکے بہت سے دیگرممالک اسکولوں کی بندش کے یہ حالات دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ کیمبرج امتحانات کاانٹرنیشنل ٹائم ٹیبل 18ماہ کے عرصے کے لیے بنایا جاتاہے لہذاہم اسے تبدیل کرنے سے قاصرہیں تاہم ہم پوری دنیامیں طلبہ، والدین اوراسکولوں کودرپیش اس چیلنج سے نمٹنے میں ان کے معترف ہیں اورایسے طلبہ جواپنے کچھ یاتمام پرچے نہ دے سکیں ان طلبہ کے ساتھ تعاون کے طریقہ کارپرکام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ کیمبرج امتحانی بورڈ کی جانب سے ”اے اوراولیول“ کے امتحانات ملتوی نہ کرنے کامذکورہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیاہے کہ جب پاکستان میں کورونا وائرس کے 29 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے محض 17 کیسز کاتعلق سندھ سے ہے وفاقی حکومت 5 اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند کرچکی ہے جب کہ حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے (اسکول،کالج اورجامعات) 31مئی تک بند کردی ہیں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ ملک بھرکے مدارس بھی بند کیے جاچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔