امریکی صدر کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج آگئے

ویب ڈیسک  اتوار 15 مارچ 2020
حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ نے ایسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں کورونا وائرس پایا گیا تھا، فوٹو : فائل

حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ نے ایسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں کورونا وائرس پایا گیا تھا، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا میں ہلاکت خیز کورنا وائرس کے باعث 50 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد ہزار تک جاپہنچی ہے اور کورونا وائرس میں مبتلا شخصیات سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے  کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، ان کے معالجین کا کہنا ہے کہ 72 سالہ صدر ٹرمپ مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا ٹیسٹ حالیہ دنوں میں کئی ایسی شخصیات سے ملنے کے بعد کیا گیا جو کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے جس کی وجہ سے صدر ٹرمپ کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہیں زیرِ گردش تھیں۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس ؛ صدر ٹرمپ نے امریکا میں ایمرجنسی نافذ کردی

امریکی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ تجارتی مرکز ہونے اور لاتعداد پروازوں کی آمد و رفت کے باعث امریکا میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے امکانات کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اگر خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے تو لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی صدر پہلے ہی ملک میں کورونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور اس کیلیے 50 ارب ڈالر کی رقم بھی مختص کی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اٹلی میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں نے بوریت کا دلچسپ حل نکال لیا

 

کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے جس کا شکار امیر و غریب، طاقتور و کمزور اور حکمراں و عوام بلا تخصیص ہو رہے ہیں، کینیڈا کے وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، برطانوی وزیر صحت ، اٹلی کے چیف آف آرمی اسٹاف اور ایران کی نائب صدر سمیت کئی اہم اور طاقتور شخصیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ایران میں اس مہلک وائرس سے اراکین اسمبلی کی بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔