شام میں روسی اور ترکی افواج کا مشترکہ گشت

ویب ڈیسک  اتوار 15 مارچ 2020
جوائنٹ پٹرولنگ روس اور ترکی کے صدور کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے، فوٹو : اے ایف پی

جوائنٹ پٹرولنگ روس اور ترکی کے صدور کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے، فوٹو : اے ایف پی

ادلب: روسی اور ترکی افواج نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے شام کی مرکزی شاہراہ ایم-4 پر ’جوائنٹ پٹرولنگ‘ کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو میں روس اور ترکی کے صدور کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی پہلی شق پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے جس کے تحت روسی اور ترکی فوج نے ادلب کی مرکزی شاہراہ ایم-4 پر مشترکہ گشت کیا۔

ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  ’جوائنٹ پٹرولنگ‘ میں دونوں ممالک کی بری فوج کے علاوہ فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔ روسی میڈیا کے مطابق اس پٹرولنگ کے لیے ماسکو سے ملٹری پولیس کے دستوں اور گاڑیوں کو بھی بھیجا گیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : ترکی اور روس کا شام میں جنگ بندی پر اتفاق

روسی فضائیہ کے حملوں میں درجنوں ترکی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد صدر طیب اردوان نے ماسکو کا دورہ کیا تھا اور صدر پوٹن سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملک کے درمیان ادلب میں سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا اور مشترکہ فوجی گشت کی تجویز رکھی گئی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : شام میں ترکی اور روس جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے، اقوام متحدہ

دونوں ممالک کے حکام نے ادلب میں جنگ بندی اور معاہدوں کی پاسداری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادلب میں قیام امن کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔