اٹلی کے شہری کا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انوکھا اقدام

ویب ڈیسک  پير 16 مارچ 2020
اٹلی کے شہری نے جسم کے گرد گول بورڈ پہن لیا تاکہ دوسرے افراد 3 فٹ دوری پر رہیں، فوٹو : ویڈیو گریب

اٹلی کے شہری نے جسم کے گرد گول بورڈ پہن لیا تاکہ دوسرے افراد 3 فٹ دوری پر رہیں، فوٹو : ویڈیو گریب

روم: اٹلی میں ایک شخص نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ڈسک کی طرح کا 3 فٹ قطر کا گول بورڈ بنالیا جسے وہ گھر سے باہر نکلتے ہوئے پہن لیتا ہے تاکہ کوئی شخص اس سے نہ ٹکرائے۔

جیسے جیسے کورونا وائرس کا خوف بڑھتا جا رہا ہے ویسے ویسے کچھ لوگ اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے ایسے مضحکہ خیز طریقے اپنا رہے ہیں جس سے خوف کی فضا میں گھرے لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر جاتی ہے۔ چین کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ملک اٹلی کی ایسی ہی ایک ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص گول بورڈ پہنے ہوئے اور ہاتھ میں چھڑی بھی تھامے ہوئے ہے۔ یہ گول بورڈ دائیں، بائیں یا آگے پیچھے سے آنے والے شخص کو 3 فٹ کی دوری پر رکھتا ہے اور اگر کوئی قریب آنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ چھڑی سے اُسے دور کردیتا ہے اور اسی چھڑی کی مدد سے وہ خریدی ہوئی اشیا کو اُٹھا رہا ہے۔ شاپنگ مال میں موجود ایک شخص کے پوچھنے پر شہری نے بتایا کہ یہ اقدام کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے چھینکنے اور کھانسنے والے شخص سے 3 فٹ کی دوری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے کیوں اتنے فاصلے سے کورونا وائرس دوسرے شخص کے جسم میں داخل نہیں ہوسکتا۔ اٹلی میں کی اکثریتی آبادی لاک ڈاؤن کا شکار ہے جہاں 2 ہزار کے قریب ہوگئی ہیں جب کہ 18 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔