کرکٹ کے بعد ہاکی کے بھی تمام ایونٹس منسوخ کر دیئے گئے

میاں اصغر سلیمی  منگل 17 مارچ 2020
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو انفرادی ٹریننگ پلانز بھیجے گئے ہیں

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو انفرادی ٹریننگ پلانز بھیجے گئے ہیں

 لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مارچ اور اپریل 2020 کے تمام ضلعی اور قومی سطح کے ٹورنامنٹ اورتمام سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن  کی جانب سے کھلاڑیوں کو انفرادی ٹریننگ پلانز بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں انفرادی تربیت جاری رکھ سکیں، اس ٹرینگ پلان میں جسمانی تربیت ، ہاکی کی مہارت اور خوراک کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں اور یہ  واٹس ایپ و ای میل  کے ذریعہ سےکھلاڑیوں کو بھجوائے گئے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ ، کوچ ، اسسٹنٹ کوچ اور فزیکل ٹرینرز ذمہ دار ہوں گے کہ وہ باقاعدگی سے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر تربیت کے منصوبے پرعملدرآمد کریں۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں ، ٹیم مینجمنٹ اورعملے کی صحت اور حفاظت کے بہتر تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے پر زور دیا گیا ہے اور تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفتر داخل ہونے سے قبل ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کریں اور وقفے وقفے سے صابن سے ہاتھ 20 سیکنڈز تک دھوئیں،کھانستے ہوئے منہ اور ناک کو ٹیشو یا رومال سے ڈھانپ لیں، بیماری کی علامات ظاہر ہونے والے کسی بھی شخص مناسب فاصلہ اختیار کریں۔ اس کے ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں ملاقاتی حضرات کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ جس پرتاحکم ثانی سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔