ٹی 20 ورلڈ کپ؛ شیڈول کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے گریز

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2020
بدستور 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہی انعقاد ہوگا، منتظمین۔ فوٹو: آئی سی سی

بدستور 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہی انعقاد ہوگا، منتظمین۔ فوٹو: آئی سی سی

سڈنی:  کورونا وائرس خطرے کے باوجود فی الحال مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوگی، منتظمین نے واضح کیاکہ ایونٹ بدستور 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہی کھیلا جائے گا.

آئی سی سی مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پری کوالیفائنگ راؤنڈ جیلونگ اور ہوبارٹ میں 18 سے 23 اکتوبر تک منعقد ہوگا،مین 12 ٹیموں کا ایونٹ24 اکتوبر سے شیڈول ہے، ابتدائی روز سڈنی میں آسٹریلیا اور پاکستان جبکہ پرتھ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہوگا۔

اس وقت دنیا بھر کو کورونا وائرس کی وبا نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، فوری طور پر بیشتر اسپورٹس ایونٹ ملتوی یا منسوخ کیے جا چکے،ایسے میں آئی سی سی اور مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول میں فوری طور پر کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایونٹ کیلیے ٹکٹوں کی فروخت گذشتتہ برس اکتوبر سے جاری اور وہ بدستور آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

آئی سی سی نے اعلامیے میں کہاکہ آرگنائزنگ کمیٹی شائقین اور اسٹیک ہولڈرز کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتی رہے گی۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون روبرٹس نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے طویل المدتی کسی بھی قسم کا کوئی فیصلہ کرنا دشوار ہے، اس لیے ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کررہے بلکہ شیڈول پر ہی انعقادکیلیے پُراعتماد ہیں، تیاریاں جاری رہیں گی اور ہم 15 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل کے موقع پر ہاؤس فل کراؤڈ کیلیے بھی پُرعزم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی اتنا ماہر نہیں جو دور تک دیکھ سکے، اس لیے ہم پُرامید ہیں کہ اکتوبر،نومبر تک صورتحال معمول پر آچکی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔