آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے ڈیڈ لائن ختم

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2020
امریکا اور ویسٹ انڈیز کو ٹوئنٹی 20 ایونٹس منعقد کرنے کی خواہش
 فوٹو:فائل

امریکا اور ویسٹ انڈیز کو ٹوئنٹی 20 ایونٹس منعقد کرنے کی خواہش فوٹو:فائل

 ممبئی:  آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے ڈیڈ لائن ختم ہوگئی جب کہ بگ تھری ممالک کی جانب سے دلچسپی ظاہر نہ کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے  2023 سے 2031 کے اگلے دورانیے میں اپنے ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلیے مستقل اور ایسوسی ایٹ ممالک سے اظہار دلچسپی مانگی تھی،اس کیلیے مقرر کردہ 15 مارچ کی ڈیڈ لائن اب گزر چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیاکہ بگ تھری بورڈز بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، صرف امریکا اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہی نئے دورانیے میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے عوامی سطح پر دلچسپی ظاہر ہوئی تھی۔

بی سی سی آئی ذرائع  نے بتایا کہ آئی سی سی نے میزبانی کیلیے اظہار دلچسپی مانگ کر دراصل بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر دباؤ بڑھانا چاہا مگر اس کی یہ چال کامیاب نہیں ہوئی۔

کونسل نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا جبکہ ابھی تک آفیشل طور پر نہیں بتایا گیا کہ اگلے ایونٹس کیلیے مزید کتنی اظہار دلچسپی کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی کے آفس سے اس سال 13 فروری کوممبر بورڈز کو ارسال کردہ ای میل میں واضح کیا گیا تھا کہ اظہار دلچسپی سے اگلے ایونٹس کیلیے ابتدائی عمل شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ فٹبال، رگبی اور باسکٹ بال اپنے کھیل کے فروغ کیلیے نئے ممالک میں ورلڈ کپ منعقد کرچکے۔

آئی سی سی ہمیشہ ہی فل ممبران سے ہٹ کر کسی کو ایونٹ کی میزبانی دینے سے ہچکچاتی ہے۔ 2015 سے 2023 کے دوران تمام 6 اور اگر اس میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کو شامل کرلیا جائے تو 7 ایونٹس کی میزبانی آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کو ہی سونپی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔