بازاروں کی بندش سے یومیہ 4 ارب روپے کا نقصان ہوگا،کراچی تاجر اتحاد

ویب ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2020
تجارتی مراکز کی بندش سے تاجروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں کو شدید پریشانی

تجارتی مراکز کی بندش سے تاجروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں کو شدید پریشانی

کراچی تاجر اتحاد نے کورونا وائرس کے باعث بازاروں کی بندش کے حکم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹوں کی بندش سے یومیہ 4 ارب روپے کا نقصان ہوگا اور غریب مزدور بھوکا رہ جائے گا۔

سندھ حکومت کے تجارتی مراکز کی بندش کے فیصلے سے تاجروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کراچی تاجر اتحاد کے سربراہ عتیق میر نے کہا ہے کہ شہر کے بازاروں کی بندش سے تاجروں کو یومیہ 4 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 251 ہوگئی ہے اور سب سے زیادہ سندھ میں 181 مریض ہیں۔ حکومت سندھ نے 15 روز کے لیے تمام مارکیٹیں، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کمشنر کراچی کو دکانیں اور ریسٹورنٹس بند نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دکانوں کی بندش کا اطلاق پرچون اور میڈیکل اسٹورز پر نہیں ہوگا، حکومتی فیصلے پر اب تک 100 فیصد عمل درآمد نہیں ہوا،آج بھی کچھ دکانیں اور ریسٹورنٹس کھلے دیکھے ہیں، کمشنر کراچی کو خلاف ورزی کرنے والے دکان داروں کے خلاف کارروائی کا کہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔