کورونا وائرس کے باعث موبائل ڈیوائسز بلاک کرنے کا عمل معطل

ویب ڈیسک / ارشاد انصاری  بدھ 18 مارچ 2020
رجسٹریشن 60  دن کے بجائے 90  دن میں کرائی جاسکتی ہے، پی ٹی اے۔ فوٹو:فائل

رجسٹریشن 60  دن کے بجائے 90  دن میں کرائی جاسکتی ہے، پی ٹی اے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر موبائل ڈیوائسز بلاک کرنے کے عمل کو معطل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کورونا وائرس کے پیش نظر موبائل ڈیوائسزبلاک کرنے کے عمل کو معطل کردیا ہے، اس حوالے سے  پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے تناظر میں اور معاشرتی میل جول میں کمی کو یقینی بنانے کے لئے، موبائل نیٹ ورکس پرموجود تمام جی ایس ایم اے منظورشدہ آئی ایم آئی ایم ای آئی جو فی الحال پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں  آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے مزید 30 دن دے دیے گئے ہیں، جس کے بعد اب رجسٹریشن 60  دن کے بجائے 90  دن میں کرائی جاسکتی ہے۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ عوام کو آسانی اور سہولت فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے اس طرح کے موبائل ڈیوا ئسز کی بلاکنگ ان کی مقررہ تاریخوں کے مطابق 19 اپریل 2020  سے کی جائے گی اور ایس ایم ایس کے ذریعہ اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

پی ٹی اے نے ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) متعارف کرایا تھا، قواعد کے مطابق ایسی تمام  ڈیوائسز جن کو لوکل سم کے ذریعے کسی بھی مقامی موبائل فون نیٹ ورک سے منسلک کیا جاتا ہے  انہیں پہلی بار مقامی نیٹ ورک استعمال کرنے کے 60 یوم کے اندر رجسٹر کروانا ضروری ہے، لیکن غیرمعمولی حالات کے پیش نظر ایسے غیر تصدیق شدہ موبائل ڈیوا ئسز کی بلاکنگ جنہیں 18 مارچ سے 18 اپریل 2020 کے درمیان بلاک ہونا تھا، اب انہیں 19 اپریل 2020  سے انکی مقررہ تاریخوں کے مطابق بلاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی اے  نے موبائل ڈیوائس کی رجسٹریشن کیلئے تین مختلف طریقے متعارف کروائے ہیں جن میں  ویب سائٹ(https://dirbs.pta.gov.pk/drs)، *8484#  ڈائل کرکے  اور پاکستان بھر میں موبائل آپریٹرز، فرنچائزز اور سروس سینٹرز شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔