پی ایس ایل: غیرملکی کرکٹرز اور براڈ کاسٹرز کی واپسی

ایکسپریس نیوز  جمعرات 19 مارچ 2020
ڈیرن سیمی اور سکندر رضا چلے گئے، انگلش اسٹار معین علی کی فلائٹ کنفرم۔ فوٹو: فائل

ڈیرن سیمی اور سکندر رضا چلے گئے، انگلش اسٹار معین علی کی فلائٹ کنفرم۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  کورونا وائرس کے سبب پی ایس ایل کا میلہ موقوف ہونے پر غیرملکی کرکٹرز اور براڈکاسٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بیس سے زیادہ براڈ کاسٹرز علی الصبح  فلائٹس کنفرم ہونے پر  چلے گئے تھے جبکہ باقی بچنے والوں کی فلائٹ بدھ کو طے تھی،پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی اور سکندر رضا واپس جاچکے ہیں،کراچی کنگز کے غیرملکی بھی واپس روانہ ہوگئے، ملتان سلطانز کے روی بوپارا انگلینڈ جاچکے، معین علی کی بدھ کی شب جوہانسبرگ روانگی شیڈول تھی، عمران طاہر ایک دو روز میں واپس جنوبی افریقہ جائیں گے۔

بیرون ملک روانہ ہونیوالوں نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات اور اپنے قیام کوشاندار جبکہ پی ایس ایل میچزکو یادگار قرار دیاہے۔ دوبارہ پاکستان آکر کھیلنے کی تمنا کے ساتھ انھوں نے تمام پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیاہے۔

ادھر لیگ میں شریک ملکی، غیرملکی کھلاڑیوں، براڈ کاسٹرز، میچ آفیشلز،کمنٹیٹرز، ٹیم انتظامیہ کے کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مکمل کرلیے گئے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق گزشتہ شب 123 جبکہ 11افراد کے ٹیسٹ بدھ کو ممکن ہوئے، مجموعی طور پر 134 افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، ان کی رپورٹس ابھی آنا باقی ہے، مذکورہ افراد کی رپورٹ موصول ہونے پر اسے میڈیا کے ساتھ شیئرکیا جائیگا۔

پی سی بی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور حکومت پاکستان کی کورونا وائرس کے لیے جاری کردہ میڈیکل ایڈوائزری پر پوری طرح عمل کررہا ہے، میچز کے دوران بھی تمام ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔