کورونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مارچ 2020
احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، معاون خصوصی

احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، معاون خصوصی

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چین کے عوام سے سبق ملتا ہے کہ اجتماعی سطح پہ کاوشیں کرنے سے وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، وفاقی وصوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ و سلامتی کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر نہ صرف خود عمل کرے بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی صحت کا بھی خیال رکھے، ہمیں قومی جذبے، اتحادواخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے، حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنا ہے، پرہجوم جگہوں پہ نہ جائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور بار بار دھوئیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سلام پیش کرتے ہیں ان ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو جو اس جذبے کے ساتھ خدمت کی عظیم مثال بن رہے ہیں،  کرونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے، چین کے عوام سے سبق ملتا ہے کہ اجتماعی سطح پہ کاوشیں کرنے سے وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔