کورونا وائرس لاک ڈاؤن سے وینس کی نہروں کا پانی صاف ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مارچ 2020
سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے وینس کا ماحول شدید آلودگی کا شکار ہونے لگا تھا، جو لاک ڈاؤن کے بعد صاف ہورہا ہے۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے وینس کا ماحول شدید آلودگی کا شکار ہونے لگا تھا، جو لاک ڈاؤن کے بعد صاف ہورہا ہے۔ (تصاویر: سوشل میڈیا)

روم، اٹلی: یورپی ممالک میں اٹلی اس وقت کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثر ہے جس کا پھیلاؤ مزید روکنے کےلیے پورا ملک قرنطینہ/ لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ البتہ وینس کی نہروں پر اس کے مثبت اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں اور ان کا پانی بالکل صاف ہوگیا ہے۔

وینس کے بعض شہریوں نے سوشل میڈیا پر کچھ تصویریں شیئر کرائی ہیں جن میں وینس کی مشہور نہروں کا صاف شفاف پانی دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ پانی اتنا شفاف ہے کہ اس میں تیرتی ہوئی مچھلیاں تک دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ لاک ڈاؤن سے پہلے یہی پانی بہت گدلا تھا اور اس میں سے بدبو اٹھنے لگی تھی۔

قرنطینہ/ لاک ڈاؤن کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں کمی کی ایسی خبریں گزشتہ چند دنوں سے گردش کررہی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں کم ہونے سے فضا میں مضر گیسوں کا اخراج غیرمعمولی کم ہوگیا ہے اور ماحول قدرے بہتر ہوچکا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کورونا وائرس سے عالمی فضائی آلودگی میں ڈرامائی کمی

تاریخی اور خوبصورت مقامات کے باعث اٹلی کو یورپ میں اہم سیاحتی ملک بھی قرار دیا جاتا ہے جہاں 2018 میں چھ کروڑ سے زیادہ غیر ملکی سیاح گھومنے پھرنے کےلیے آئے تھے۔ عالمی سیاحت کے میدان میں اٹلی کا پانچواں نمبر ہے۔

لیکن سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے وہاں کا قدرتی حسن بھی آلودہ ہورہا تھا جسے بچانے کی غرض سے اٹلی کی حکومت نے سیاحوں کےلیے سخت قوانین بھی بنائے تھے۔ تاہم ان کا کچھ خاص فائدہ نہیں ہوسکا۔

قرنطینہ/ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں اٹلی تقریباً مکمل طور پر بند ہے اور وہاں سیاحت سمیت تمام معمولات معطل ہیں۔ اس کے خوشگوار اثرات وہاں کے ماحول پر دیکھے جاسکتے ہیں جو بلاشبہ دلچسپ اور حیرت انگیز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔