گرین لائن منصوبہ، فیز ٹو کی راہ میں95 قدیم اور تاریخی درخت حائل

سید اشرف علی  جمعـء 20 مارچ 2020
69درختوں کو بچانے کیلیے ٹرانسپلانٹ کرنیکا فیصلہ، منصوبہ ڈھائی سال سے تاخیر کا شکار. فوٹو:فائل

69درختوں کو بچانے کیلیے ٹرانسپلانٹ کرنیکا فیصلہ، منصوبہ ڈھائی سال سے تاخیر کا شکار. فوٹو:فائل

کراچی: گرین لائن بس منصوبے کے فیز ٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا جامع کلاتھ کی راہ میں 95 قدیم و تاریخی درخت آرہے ہیں، وفاقی حکومت نے ان درختوں کو بچانے کیلیے ڈیزائین میں کچھ ترمیم کی ہے جس سے ریڈیو پاکستان ایم اے جناح روڈ کے قریب 26درخت مکمل طور پر بچالیے جائیں گے جبکہ دیگر 69درختوں کو بچانے کے لیے ٹرانسپلانٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان مختلف تنازعات کے سبب گرین لائن بس منصوبہ کا فیز ٹو گذشتہ ڈھائی سال سے تاخیر کا شکار ہے، تمام تنازعات کا حل نکل جانے کے بعد اب تعمیراتی کام شروع ہونے والا ہے، وفاقی حکومت کے ادارہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ(ایس آئی ڈی سی ایل) نے فیز ٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا جامع کلاتھ مارکیٹ تک منصوبے کی تعمیر کے لیے ٹینڈر طلب کرلیے ہیں۔

سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ کے ایک آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے قدیم درختوں کی کٹائی پر پابندی ہے تاہم گرین لائن بس منصوبہ کے فیز ٹو کے ڈیزائین میں تبدیلی بھی سندھ حکومت کی درخواست پر کی گئی ہے، پہلے یہ منصوبہ تاج میڈیکل کمپلیکس تا جامع کلاتھ (میونسپل پارک) تک ایلیویٹیڈ تعمیر کیا جانا تھا، اگر یہ منصوبہ ایلیویٹیڈ تعمیر کیا جاتا تو تقریباً تمام قدیم درخت اپنی جگہ قائم رہتے، سندھ حکومت کی درخواست پر اب یہ منصوبہ زمین at grade پر تعمیر کیا جارہا ہے، قدیم درختوں کی کٹائی پر پابندی کے باعث ایس آئی ڈی سی ایل نے اپنے ڈیزائین میں کچھ ترمیم کی ہے جبکہ درختوں کو ٹرانسپلانٹ کرنے کے لیے فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔

چیف فنانس آفیسر سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ(ایس آئی ڈی سی ایل) بلال میمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرین لائن منصوبے کے فیز ٹو کے لیے ٹینڈر طلب کرلیے گئے ہیں ، ڈیڑھ ماہ میں ٹینڈر کارروائی مکمل کرکے تعمیراتی کام مئی میں شروع کردیں گے، یہ فیز 3.5کلومیٹر پر محیط ہے، منصوبے کی تکمیل کے لیے اگرچہ 9ماہ ہیں تاہم یہ منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے میں تاخیر اس لیے آرہی ہے کہ ٹریفک میجنمنٹ پلان پر بھی عملدرآمد کرنا ہے، ایم اے جناح روڈ کے اطراف بھر پور شجر کاری مہم بھی چلائی جائیگی،سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس وممبر ہارٹیکلچر سوسائٹی آف پاکستان حنیف ناصر نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کے فیز ٹو تاج میڈیکل کپلیکس تا میونسپل پارک (جامع کلاتھ مارکیٹ) 95درخت اس منصوبہ کی راہ میں آرہے ہیں، ان میں 100سال پرانے درخت بھی ہیں اور سو سال سے کم عمر درخت بھی شامل ہیں۔

حنیف ناصر نے بتایا کہ ان درختوں کے علاوہ کرونوکارپس ودیگر درخت بھی ایم اے جناح روڈ پر لگے ہیں، ان درختوں کو کاٹ دیا جائے گا اور ان کے متبادل کے طور پر ایم اے جناح روڈ کے اطراف شجرکاری کی جائیگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔