اسرائیلی وزیراعظم کا بھی کورونا ٹیسٹ، متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مارچ 2020
اسرائیل میں کورونا وائرس کے 3 مریضوں کی حالت نازک اور 10 کی تشویشناک ہے، فوٹو : فائل

اسرائیل میں کورونا وائرس کے 3 مریضوں کی حالت نازک اور 10 کی تشویشناک ہے، فوٹو : فائل

تل ابيب: اسرائیل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نیتن یاہو کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی شک کے دائرے میں آگئے جس کے بعد اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا ٹیسٹ اسرائیل میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اچانک اضافے کے بعد کیا گیا۔

اسرائیل میں مجموعی طور پر 700 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 3 کی حالت انتہائی نازک اور 10 کی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ اسرائیل میں احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے کے باوجود کورونا وائرس بے قابو نظر آتا ہے۔

اتل ابیب میں ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور سخت اقدامات کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت  بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہوگی جب کہ اجتماعات پر پہلے ہی پابندی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے تاہم 80 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔