کیمبرج امتحانی بورڈ نے اے اور او لیول کے امتحانات منسوخ کردیے

صفدر رضوی  ہفتہ 21 مارچ 2020
اسکولوں کو 10 اپریل تک طلبا کو دستبردار کے لیے برٹش کونسل سے رابطے کی ہدایت

اسکولوں کو 10 اپریل تک طلبا کو دستبردار کے لیے برٹش کونسل سے رابطے کی ہدایت

کراچی:  کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے حکومت پاکستان کی سفارش پر ملک بھر میں اے اور او لیول(نیشنل اور انٹرنیشنل ) کے آئندہ ماہ سے ہونے والے امتحانات منسوخ کردیے اور اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہ۔

کیمبرج امتحانی بورڈ پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمی یوسف کی جانب سے “ایکسپریس” کو موصولہ اعلامیے کے مطابق کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیحات اس چیلنجنگ وقت میں طلبہ کا تحفظ اور تعلیم کی فراہمی میں آن کی مدد کرنا ہے۔

لہذا پاکستان میں کیمبرج سے الحاق شدہ متعلقہ اسکول مئی اور جون 2020 کی ایکزامز سیریز سے اپنے طلبہ کو دستبردار کراسکتے ہیں اسکول ازاں بعد اپنے طلبہ کو مستقبل میں ہونے والے کسی بھی امتحانی سیریز میں شامل کراسکتے ہیں اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول اپنے طلبہ کو اکتوبر اور نومبر سیریز کے امتحانات میں شریک کراسکتے ہیں،پاکستان کے متعلقہ تمام اسکولوں کو اس سلسلے میں برٹش کونسل سے 10 اپریل تک رابطہ کرنے کی ہداہت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ برٹش کونسل کو اس دیے گئے مقررہ وقت تک آگاہ کریں کہ وہ اس سلسلے میں کیا چاہتے ہیں۔

مزید براں برٹش کونسل کیمبرج امتحانی بورڈ کو اس سلسلے میں 17 اپریل تک آگاہ کرنے کا پابند ہوگا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پوری دنیا میں ہماری پالیسی طلبہ کے حوالے اے یکساں ہے کیمبرج پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمی یوسف نے اعلامیے میں کہا ہے کہ ہمیں احساس ہے کہ پاکستان میں یہ وقت طلبہ،ان کے خاندان اور اسکولوں کے لیے غیر یقینی ہے کیونکہ دنیا میں صحت عامہ کے اس بے مثال بحران کے سبب پاکستانی طلبہ بھی مضطرب ہیں یاد رہے کہ اس سے ایک ہفتے قبل کیمبرج امتحانی بورڈ نے پاکستان میں اے اور او لیول کے امتحانات منسوخ نہ کرنے اور اسے شیڈول کے مطابق لینے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔