پنجاب حکومت نے کورونا متاثرین کے خاندانوں کیلیے راشن روانہ کردیا

آصف محمود  ہفتہ 21 مارچ 2020
دعا ہے کہ اللہ پاک کسی بڑی آزمائش میں مبتلا نہ کرے، میاں خالد محمود 

دعا ہے کہ اللہ پاک کسی بڑی آزمائش میں مبتلا نہ کرے، میاں خالد محمود 

لاہور: پنجاب حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے خاندانوں کے لیے راشن کا سامان مختلف اضلاع میں روانہ کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ میاں خالد محمود نے جلوپارک کے قریب  بنائے گئے پی ڈی ایم گودام سے امدادی سامان کے ٹرک مختلف اضلاع کے لئے روانہ کیے، انہوں نے قرنطینہ میں زیر نگرانی متاثرین کے خاندانوں کے لیے تیار کیے گئے راشن بیگز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پربات کرتے ہوئے میاں خالد محمود نے کہا اس وقت ایک مشکل گھڑی سے گزر رہے ہیں، دعا ہے کہ اللہ پاک کسی بڑی آزمائش میں مبتلا نہ کرے، دنیا بھر میں 157سے زائد ممالک کورونا وائرس کا شکار ہیں ان میں سے ایک ہم بھی ہیں، مرکزی وصوبائی حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے، حکومت پنجاب کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے بھی متاثرین کی بحالی کے لیے رات دن ایک  کیے ہوئے ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو20،20 ملین جب کہ اضلاع کو 10،10 ملین کی گرانٹ منتقل کی جا چکی ہے، پی ڈی ایم اے کے وئیر ہاؤس سے ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن کے قرنطینہ میں زیر نگرانی متاثرین اور زائرین کے خاندانوں کو راشن روانہ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جاری کردہ فہرستوں کے مطابق ملتان میں 1247اورڈی جی خان میں  777 خاندانوں کے لیے راشن روانہ کیا جا رہا ہے، راشن کے سامان میں چاول، دالیں،چینی، باورچی خانے کے ضروری مصالحہ جات، دودھ، چائے کی پتی، اچار شامل ہے۔اس کے علاوہ ہر بیگ کے ساتھ آٹے کے تھیلے الگ سے تقسیم کیے جائیں گے۔

میاں خالد محمود نے کہا ابتدائی طور پر ہرخاندان کو 14 دن کا راشن روانہ کیا جا رہا ہے، یہ تمام انتظامات پچھلے 24 گھنٹوں میں کیے گئے ہیں، فی الحال ضرورت کے مطابق 12 ہزار تھیلے تیار کیے گئے ہیں جیسے جیسے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے فہرستیں موصول ہوں گی، سامان ضلعی حکومتوں کے سپرد کرتے رہیں گے۔ امدادی سامان کی تقسیم کاسلسلہ تب تک جاری رکھا جائے گا جب تک صورتحال کنٹرول میں نہیں آجاتی ، پی ڈی ایم اے کو حکومت کی جانب سے600 ملین کی گرانٹ جاری کی گئی تھی جس میں       سے 450ملین اضلاع میں تقسیم کیے باقی پی ڈی ایم اے کے پاس ہیں حکومت کی جانب سے ملنے والی یہ کوئی آخری گرانٹ نہیں بوقت ضرورت اضافہ ممکن ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے 5 ارب کا کرونا فنڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے، پی ڈی ایم میں ضلعی اسپتالوں میں طبی عملے کو حفاظتی کٹس مہیا کرے گا، یہ وقت ضرورت شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے یونین کونسل کی سطح پر لاک کیا جائے گا، پالیسی کے مطابق  یونین کونسلز10سے زائد مریضوں کی صورت میں بند کی جائیں گی۔ ابھی سے شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کر کے عوام کو بھوکا نہیں مارنا چاہتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔