بھارتی تاجر نے فلک بوس عمارت کے اوپر اپنا ’وائٹ ہاؤس‘ بنوالیا

ویب ڈیسک  پير 23 مارچ 2020
بھارتی ارب پتی نے عمارت کی چھت پر بھارتی وائٹ ہاؤس  تو بنوالیا لیکن شاید وہ اسے کبھی نہیں دیکھ سکیں گے۔ فوٹو: فائل

بھارتی ارب پتی نے عمارت کی چھت پر بھارتی وائٹ ہاؤس تو بنوالیا لیکن شاید وہ اسے کبھی نہیں دیکھ سکیں گے۔ فوٹو: فائل

بنگلورو: بھارت کے امیرترین شخص نے ایک بلند بالا عمارت کے اوپر بالکل وائٹ ہاؤس جیسا پینٹ ہاؤس بنایا ہے جو ہرطرح سے عالیشان اور پرتعیش ہے۔

وجے مالیا بھارت کے انتہائی امیر افراد میں شامل ہیں جو یونائیٹڈ بریوریز گروپ کے سربراہ ہیں۔ دس سال قبل انہوں نے بنگلور کی فلک بوس عمارت کنگ فشر ٹاور کی چھت پر ہوبہو وائٹ ہاؤس جیسی شاندار عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا  اور اب یہ حقیقت بن چکا ہے۔

کنگ فشر ٹاور کی 33 ویں اور 34ویں منزل پر اسکائی مینشن کے نام سے یہ شاندار وائٹ ہاؤس نما محل بنایا گیا ہے۔ 40 ہزار مربع میٹر وسیع اس محل میں شراب خانہ، ان ڈور گرم سوئمنگ پول، باہر بڑا سوئمنگ پول، جنمازیم، سیلون، کئی بیڈروم کا شاندار گھر اور اس کے اوپر ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے۔

تاہم وجے مالیا نے یہ عمارت برطانیہ میں رہتے ہوئے بنوائی تھی اور ان پربینکوں اور دیگر اداروں سے خطیر رقم لینے اور واپس نہ دینے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس دوران بھارتی حکومت نےانہیں برطانیہ سے گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی اور اب تک وہ اس عالی شان وائٹ ہاؤس کی ایک جھلک بھی نہیں دیکھ سکے ہیں۔

اب بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ حکومت اس دیسی وائٹ ہاؤس کو اپنی تحویل میں رکھ کر اسے نیلام کرنے کے بعد اس رقم کو مجاز بینکوں تک واپس پہنچائے گی۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا بیرونی حصہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ اندرونی حصے کی تزئین و آرائش باقی ہے۔ اب تک اس پر دو کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔