اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کا مارکیٹ کھلی رکھنے کا اعلان

بزنس رپورٹر  منگل 24 مارچ 2020
مارکیٹ میں ٹریڈنگ صبح 11 بجے شروع کی جائے، ایس ای سی پی کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

مارکیٹ میں ٹریڈنگ صبح 11 بجے شروع کی جائے، ایس ای سی پی کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ میں لاک ڈاؤن کے باوجود اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ نے اسٹاک مارکیٹ کھلی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج بروکرز ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کو ارسال کردہ خط میں اسٹاک مارکیٹ کو بھی لاک ڈاؤن سے استثنی کا مطالبہ کر دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق اسٹاک ایکسچینج لاک ڈاؤن میں بھی کھلی رہے گی، اسٹاک ایکسچینج کو بینکاری کی طرح لازمی خدمات کا درجہ دیا جائے، اسٹاک مارکیٹ کے ممبران، بروکریج ہاؤس اور عملے کو لاک ڈاؤن کے دوران اسٹاک ایکسچینج آنے کی اجازت دی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کرے کہ اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ سمیت بروکرز ،ممبران اور بروکریج ہاؤس میں کام کرنے والوں کو آمدورفت کی اجازت دیں۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے اسٹاک مارکیٹ کو کھلا اور آپریشنل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ موجودہ صورت حال کے تناظر میں ایس ای سی پی نے پی ایس ایکس کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ صبح 11 بجے شروع کی جائے جبکہ مارکیٹ ہالٹ کا دورانیہ بھی 45 منٹ سے بڑھا کر 2 گھنٹہ کر دیا جائے۔

یہ ہدایات مارچ 24 سے لے کر آئندہ 15 دن کے لیے ہیں۔ اس سلسلے میں کیپٹل مارکیٹ سے منسلک اداروں بشمول پاکستان اسٹاک ایکسچینج، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج، نیشنل کلئرنگ کمپنی، سینٹرل ڈپازٹری میں کاروبار کے تسلسل کو یقینی بنانے کے تمام اداروں میں کم سے کم افرادی قوت کے ساتھ کام جاری رکھنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔