مونچھوں والے پاکستانی ڈنک نے سڑک پر اسٹروکس کھیلنا شروع کردیے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 مارچ 2020
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹسمین نے کہا کہ کور ڈرائیو اور چہرے پر بال مجھ سے بہتر ہیں۔ فوٹو: فائل

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹسمین نے کہا کہ کور ڈرائیو اور چہرے پر بال مجھ سے بہتر ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: مونچھوں والے پاکستانی بین ڈنک نے سڑک پر اسٹروکس کھیلنا شروع کردیے، انھوں نے اصل بین ڈنک کی توجہ بھی حاصل کرلی۔

سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی صارف نے آسٹریلوی بیٹسمین بین ڈنک کی نقل کرنے والے ایک شائق کی ویڈیو شیئر کی، جس میں اس نے ٹریفک سگنل بند ہونے پر موٹر سائیکل سے اتر کر بیٹ پکڑا اور ہوائی سٹروکس کھیلنا شروع کردیے تاہم منہ میں ببل گم نہیں تھی، یہ پرستار گنجا مگر مونچھوں والا تھا۔

صارف نے لکھا کہ پاکستانی بین ڈنک ببل گم کے بغیر نامکمل ہے، اس ویڈیو کا بین ڈنک نے بھی نوٹس لیتے ہوئے جواب میں لکھا کہ اس لڑکے کا کور ڈرائیو اور چہرے پر بال مجھ سے بہتر ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل5 میں 12 چھکوں کا ریکارڈ بنانے والے لاہور قلندرز کے بین ڈنک ایک اننگز میں ہی شائقین کی آنکھوں کا تارا بن گئے تھے،قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اگلے تمام میچز میں کئی نوجوان سر کے بال صاف کرواکر ان کا روپ دھارے نظر آتے تھے،ناکام رہنے والے لاہور قلندرز کے بیٹسمینوں کو پرفارمنس میں بہتری کیلیے سوشل میڈیا پر گنجا ہونے کے مشورے بھی دیے جاتے رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔