شہباز شریف کا حکومت سے پٹرول کی قیمت میں 70 روپے لیٹر کمی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  منگل 24 مارچ 2020
شرح سود کو فوری طور پہ 3 سے 4 فیصد کم کیا جائے، صدر ن لیگ

شرح سود کو فوری طور پہ 3 سے 4 فیصد کم کیا جائے، صدر ن لیگ

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حکومت سے پٹرول کی قیمت میں 70 روپے لیٹر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کا معاملہ ہے، حکومت شرح سود کو فوری طور پہ 3 سے 4 فیصد کم کرے، اس سے حکومت کو 80ارب کی بچت ہوگی جو عوام پر خرچ کریں، وزیراعظم فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں اور چاروں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ شراکت داری کریں، وینٹی لیٹرز سمیت جن آلات کی کمی ہے انہیں فوری طور پہ منگوایا جائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فوری طور پہ لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جس پر حکومت نے فی الفور عملدرآمد نہ کیا اور یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوا، تفتان کے حوالے سے حکومت کی غفلت اور بڑی غلطی سامنے آئی ہے، اگر فوری طور پر سنجیدگی سے انتظامات کیے ہوتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی، اب ہمیں اس پر قابو پانے کیلیے آگے بڑھنا ہوگا، مسلم لیگ ن 10 ہزار حفاظتی کٹس ڈاکٹرز کو مہیا کرے گی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ذاتی پسند سے بالا تر ہوکر مسئلے پرمتحد ہونے کی ضرورت ہے، سیاسی آمیزش کے بغیر ہمیں بات کرنی ہوگی اور حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہنا ہوگا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ حکومت شہروں میں مزدوری کیلئے آئے لوگوں کوتین ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دے، تیل کی قیمت فی الفور 70 روپے فی لیٹر کم کی جائے، پیرا میڈیکس،ڈاکٹروں اور نرسز کی تنخواہ میں دو فیصد اضافہ کیاجائے جبکہ دوہزار سے پانچ ہزار تک بلوں کی اقساط کردی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔