ڈریس ڈیزائنرماریہ بی کا شوہر کورونا وائرس چھپانے پر گرفتار

قیصر افتخار  بدھ 25 مارچ 2020
ماریہ بی کی پولیس کی کارروائی اور سسٹم پر تنقید، وزیراعظم سے ایکشن لینے کی اپیل کردی

ماریہ بی کی پولیس کی کارروائی اور سسٹم پر تنقید، وزیراعظم سے ایکشن لینے کی اپیل کردی

 لاہور: معروف ڈریس ڈیزائنر ماریہ بی کے شوہر طاہر سعید کو کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں نشتر کالونی پولیس نے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے ذرائع کے مطابق طاہر سعید جو معروف برینڈ ماریہ بی کا مالک ہے نے اپنے باورچی عمر فاروق کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر مقامی نجی لیبارٹری سے اس کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹیو آیا، طاہر سعید نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے بجائے اسے اس کے آبائی شہر وہاڑی کی بس میں بٹھا دیا۔

نجی لیبارٹری کی طرف سے معمول کے مطابق جب ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو عمر فاروق کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی رپورٹ دی تو حکام حرکت میں آئے،طاہر سعید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ عمر فاروق اپنے گاؤں چلا گیا ہے، محکمہ صحت کے حکام نے عمر فاروق کو اپنی تحویل میں لیکر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیاجبکہ تفتیش کے بعد طاہر سعید کو حراست میں لے لیا ہے،دوسری جانب ماریہ بی نے شوہر کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے، ماریہ بی نے آبدیدہ ہوکر پنجاب پولیس کی کارروائی اور سسٹم کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔