جاپان میں ٹرکوں پر خوبصورت باغیچے بنانے کا انوکھا مقابلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2020
یہ باغ سوزوکی لوڈر سے کچھ بڑی مال بردار گاڑیوں پر بنائے جاتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ باغ سوزوکی لوڈر سے کچھ بڑی مال بردار گاڑیوں پر بنائے جاتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ٹوکیو: دنیا کے ہر ملک میں کچھ نہ کچھ اچھوتی باتیں، مقامات اور تہوار وغیرہ ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ جاپان میں ہر سال منعقد ہونے والا ’’کی ٹرک گارڈن مقابلہ‘‘ بھی ان ہی میں سے ایک ہے۔

جاپان میں لوڈر سوزوکی سے کچھ بڑی گاڑیوں کو ’’کی تورا‘‘ (کی ٹرک) کہا جاتا ہے جو وہاں تعمیرات سے لے کر زراعت تک، زندگی کے ہر شعبے میں بکثرت استعمال ہوتی ہیں۔ یہ گاڑیاں اگرچہ جاپان ہی میں ایجاد ہوئیں لیکن آج یہ ایشیا کے بیشتر ممالک میں مختلف ناموں سے سڑکوں اور پگڈنڈیوں پر دوڑتی نظر آتی ہیں۔

کی ٹرک گارڈن مقابلہ ’’جاپان فیڈریشن آف لینڈ اسکیپ کنٹریکٹرز‘‘ کی جانب سے منعقد کروایا جاتا ہے، جیسے کسی زمانے میں کراچی کی ڈبلیو 11 بسوں کا آرائشی مقابلہ ہر سال ہوا کرتا تھا۔

اس مقابلے میں شریک ہونے والے ٹرک مالکان اپنے اپنے ’’کی تورا‘‘ پر چھوٹے چھوٹے باغ سجا کر لاتے ہیں جنہیں دیکھنے کے بعد مقابلے کی انتظامیہ یہ فیصلہ کرتی ہے کہ کس گاڑی پر لگائے گئے باغیچے کو انعام دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔