صدر ٹرمپ کو امریکا میں ایسٹر سے قبل کورونا کے خاتمے کی امید

ویب ڈیسک  بدھ 25 مارچ 2020
ایسٹر پر گرجا گھروں کو لوگوں سے بھرا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، صدر ٹرمپ (فوٹو: فائل)

ایسٹر پر گرجا گھروں کو لوگوں سے بھرا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، صدر ٹرمپ (فوٹو: فائل)

 واشنگٹن: اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے بے تاب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماہرین صحت کی تجاویز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں شٹ ڈاؤن اور سماجی دوری کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ’فوکس نیوز‘ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا شٹ ڈاؤن کے لیے نہیں بنا ہے، میں ایسا ملک چاہتا ہوں جہاں سماجی اور معاشی سرگرمیاں جاری ہوں۔ مجھے اس حوالے سے ایسٹر سے قبل روشنی نظر آتی ہے۔ ایسٹر پر گرجا گھروں کو بھرا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں۔

امریکی صدر نے انتخابی مہم کی بحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے، جتنے افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں اس سے زیادہ تو امریکا میں گاڑیوں کے حادثوں میں ہلاک ہوجاتے ہیں تو کیا ہم آٹو موبائل کمپنیوں کو گاڑیاں بنانے سے روک دیں گے۔

ایک جانب تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسٹر سے قبل شٹ ڈاؤن اور سماجی دوری کے خاتمے اور ملک میں انتخابی مہم کی بحالی کے خواہش مند ہیں تو دوسری جانب نیو یارک کے گورنر نے کورونا وائرس کی وبا کو تیز رفتار ’بلٹ ٹرین‘ سے تشبیہہ دیکر سخت پابندیوں اور اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے بیانات پر یوٹرن لینے کے لیے مشہور صدر امریکی صدر ایسٹر سے قبل کورونا وائرس کے خاتمے کے بیان سے پیچھے ہٹ گئے اور ماہر وبائی امراض کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ گرجا گھروں میں اجتماعات کا فیصلہ حالات میں بہتری آنے کے بعد کیا جائے گا تاہم ایسا صرف مخصوص علاقوں میں ہوگا۔

واضح رہے کہ رواں برس امریکا میں صدارتی انتخاب ہونا ہے جس کے لیے صدر ٹرمپ نے ملک بھر میں ریلیاں منعقد کرنے کا شیڈول بھی ترتیب دے دیا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے عائد شٹ ڈاون کے باعث انتخابی ریلیاں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔