خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 29 مارچ 2020
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

کتے کا کاٹنا
علی حسین بخش،ڈیرہ غازی خان

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بازار میں اپنی امی کے ساتھ ہوں اور باقی سب گھر والوں کے لئے شاپنگ کر رہی ہوں۔ وہاں مارکیٹ میں ہی ایک فیملی کے ساتھ ان کا خوفناک سا کتا بھی ہوتا ہے۔ جس کو دیکھ کر مجھے بہت ڈر لگتا ہے اور میں امی سے کہتی ہوں کہ جلدی سے کہیں اور چلتے ہیں ، اس فیملی سے مجھے خوف آ رہا ہے۔ مگر امی بھاؤ کرنے میں اتنی مصروف ہوتی ہیں کہ میری بات ان سنی کر دیتی ہیں، پھر وہ اسی دکان پہ آ جاتے ہیں اور کتا باہر ان کے کسی فرد کے ساتھ ہوتا ہے۔ اب امی اگلی دکان پہ جانے کے لئے اٹھتی ہیں تو باہر نکلتے پوئے وہ کتا تیزی سے میری طرف لپکتا ہے، میں گھبرا کے بھاگنے کی کوشش کرتی ہوں اور وہ اور بھی تیزی سے میری طرف آتا ہے اور میرے پاوں کو جوتی سمیت منہ میں پکڑ لیتا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

ڈھول کے آگے ناچنا اور گانا
صابر حسین ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر اس کے چچا کی شادی پہ گیا ہوا ہوں اور ڈھول والوں کے ساتھ خوب ناچ گا رہا ہوں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

باغ میں بیٹھنا
بلقیس خانم ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی بھابی کے ساتھ ان کی کسی رشتہ دار خاتون کے گھر آئی ہوں اور ان کا گھر دیکھ کے حیران ہوتی ہوں کہ اتنا سرسبز اور پھولوں سے بھرا ہوا گھر ہے۔ میں ان خاتون سے کہہ کے باغ میں ہی بیٹھ جاتی ہوں جہاں پرندوں کی بہت پیاری آوازیں ہوتی ہیں اور بے حد سرسبز گھاس اور خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں سارا وقت خوشی سے ان کو دیکھتی اور اللہ کی تسبیح ہی بیان کرتی رہتی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

جوتا گم ہونا
اقراء مغل، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر میرا جوتا نہیں مل رہا ۔ میں بہت پریشان ہوں اور سارا گھر تلاش کرتی پھر رہی ہوں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔ بس اسی تلاش اور پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ھے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

میٹھا خنک پانی پینا
سارہ خان ، اسلام آباد

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری ایک کولیگ کچھ بوتلوں میں آب زم زم کی طرح کا کوئی پانی لائی ہیں جو کہ مجھے بھی دیتی ہیں ۔ میں پیتی ہوں تو حیران ہوتی ہوں کہ اتنا میٹھا اور خنک پانی ۔ پھر میں ان کے پاس دوبارہ جاتی ہوں اور دوبارہ ا ن سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے مزید ایک بوتل دے دیں تا کہ میں اپنی والدہ کے لئے بھی گھر لے جا سکوں جس پہ وہ مجھے ایک اور بڑی سی بوتل دیتی ہیں اور میں خوشی خوشی اسے لے کر آ جاتی ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ھے جو بات کو ظاہر کرتاہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ھر چیز میں برکت ھو گی ۔اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی۔کاروبار میں بھی بھتری ھو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

جیل سے رہائی
اجمل حیدر، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری اپنے کالج میں کچھ لڑکوں سے لڑائی ہو گئی ہے اور میرے دوستوں نے ان سے لڑائی شروع کر دی ہے۔ میں سب کو منع کرتا ہوں مگر شور میں کوئی میری بات نہیں سنتا ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ جیسے ہم سب جیل میں ہیں اور میں بہت پریشان ہو کر اللہ سے رو رو کے دعا کرتا ہوں ۔ اسی وقت مجھے اپنے پرنسپل نظر آتے ہیں جو میری طرف اشارہ کر کے کہتے ہیں کہ یہ لڑکا ایسا نہیں ہے اس کو جانے دو ۔ پھر میں ان کے ساتھ باہر آ جاتا ہوں اور گھر آ کر اللہ کا خوب شکر ادا کرتا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔

بہن بھائیوں سے گپ شپ
اکرم محمود ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں پاکستان آیا ہوا ہوں اور یہاں خوب سردی کا موسم ہے۔ میں اپنے سب بہن بھاؤں کو کھانے پہ بلاتا ہوں اور پھر ہم سب چھت پہ آگ جلا کے بیٹھ جاتے ہیں ۔ بہت مزہ آتا ہے۔ سب خوب ہنستے بولتے اور پرانے قصے چھیڑتے ہیں ۔ میں بہت خوش ہوتا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے ۔ کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ اور کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

کالج کا آخری دن
ملک محسن، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارا کالج میں آخری دن ہے اور سب لوگ مل کے خوب شور شرابا کر رہے ہیں ۔ میرے دوست اور میں بھی خوب مزے کر ربے ہیں اور ایک دوسرے کو تنگ کر رہے ہیں ۔ ہمارے ایک پروفیسر کے پاس بہت زیادہ پھل ہوتا ہے جو وہ ایک ٹیبل پہ لگا کے بیٹھے ہوتے ہیں پھر وہ ہم کو بھی کھانے کی دعوت دیتے ہیں ۔ میں بہت سارے آم اٹھا لیتا ہوں اور خوب مزے لے لے کے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کے کھاتا ہوں۔ وہ بہت ہی میٹھے اور لذیذ ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کارو بار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں ۔

 بیل گم ہو جانا
ام پروین ، لاہور

خواب : میرے ابو نے خواب میں دیکھا کہ ہم ایک بیل خرید کر لائے ہیں اور ہم نے اس کو اپنے صحن میں باندھ دیا ہے۔ ہمسائے وغیرہ بھی آ کر ہم کو مبارک دیتے ہیں۔ پھر میں اس کے آگے چارہ ڈالتی ہوں مگر وہ کھاتا نہیں ۔کچھ دیر بعد ہم دیکھتے ہیں کہ وہ کہیں نہیں ہے ۔ ہم سارا علاقہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ہوتا ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں ۔

خطاطی کرنا
 اسماعیل ملک ، گوجرانوالہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں قلم کے ساتھ خطاطی کرنے کی پریکٹس کر رہا ہوں۔ میرے ابو میرا کام دیکھتے ہیں تو بہت خوش ہوتے ہیں۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ کچھ خطاطی کے نمونے میں دادا جان کے لئے بھی بناوں گا۔ اس پر ابو خوشی سے کچھ دیتے ہیں مگر مجھے یاد نہیں کہ وہ کیا چیز تھی ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

تیتر کا شکار
مدثر سلطان، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہم دوست مل کر شکار پر گئے ہیں ۔ وہاں اجازت نامہ لینے کے بعد ہم تیتر کا شکار کرتے ہیں۔ میرا دوست کسی جاننے والے کے گھر سے ان کو پکوا کے لاتا ہے جو کہ انتہائی لذیذ ہوتے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

پھلوں کا تحفہ
افتخار علی، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر کسی نے پھلوں کا تحفہ بھیجا ہے۔ اس میں بہت بڑے سائز کے انار ہیں ۔ میں ان کو نکال کے اپنے گھر والوں کو دیتا ہوں ۔ ہم سب دانے نکال کر کھاتے ہیں ۔ سب کو ہی بہت پسند آتا ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شادی میں شرکت
احمد خان، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی شادی میں آیا ہوا ہوں ۔ مجھے بہت بھوک لگی ہوئی ہے۔ جیسے ہی کھانا شروع ہوتا ہے۔ میں تیزی سے لپکتا ہوں۔ وہاں بہت ہی لذیذ کھانے ہوتے ہیں۔ ان کی مزے دار خوشبو شدت سے محسوس ہو رہی ہوتی ہے۔ میں جب کھاتا ہوں تو ذائقہ بھی بہت اچھا ہوتا ہے۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شوہر کے لباس پر گندگی
اقرا رباب، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال کے ساتھ کسی فنکشن میں گئی ہوئی ہوں۔ وہاں کافی مہمان ہیں اور پھر دیکھتی ہوں کہ میرے میاں کے لباس پہ گندگی لگی ہوئی ہے۔ اور باقی سب لوگ ان کو کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس سے بہت بو آ رہی ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت پریشان ہوتی ہوں ۔

تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے، پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے ۔کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔

کھیتوں میں فصل کٹوانا
حیدر بروہی،سکھر

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کھیتوں میں فصل کٹوا رہا ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہا ہوں کیونکہ اللہ کے فضل سے اس مرتبہ بہت اچھی فصل اتری ہے۔ اس کے ساتھ دل میں منصوبے بنا رہا ہوتا ہوں کہ کیسے میں اس دفعہ ان پیسوں کو خرچ کروں گا ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو رزق حلال ملے گا ۔ حلال کھانے والے کو ذھنی سکون ملتا ہے۔ آپ کے کاروبار میں انشاء اللہ برکت ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔

تنگ جوتا
نواز کریم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی فنکشن میں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں اور ساری فیملی میرا انتظار کر رہی ہے۔ میں تیزی سے تیار ہو کر باہر کی جانب جاتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا جوتا بہت زیادہ تنگ ہے اور مجھے کاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے مجھ سے چلنا پھرنا مشکل لگ رہا ہے۔ مگر میں نظر انداز کر کے گاڑی میں بیٹھ جاتا ہوں۔ شادی ہال پہنچ کے مجھ سے دو قدم بھی نہیں چلا جاتا اور میں وہیں پارکنگ سے واپس گھر چل پڑتا ہوں کہ بدل کے آؤں گا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔