نماز جمعہ ودیگر باجماعت نماز پر حکومتی پابندی پرعملدرآمد کے پابند ہیں، مفتی تقی عثمانی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2020
مسجد نہ آنے والوں پر کوئی گناہ نہیں ہوگا، شیخ الحدیث

مسجد نہ آنے والوں پر کوئی گناہ نہیں ہوگا، شیخ الحدیث

 کراچی: شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے مساجد میں نماز کے اجتماعات سے متعلق حکم کی پابندی کریں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے باجماعت نماز اور جمعہ پر پابندی عائد کی گئی ہے جو ہماری رائے کے خلاف ہے لیکن پر اس کی پابندی لازم ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے مساجد میں نماز کے اجتماعات سے متعلق حکم کی پابندی کریں گے۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ ہمیں لگ رہا تھا کہ حکومت 12 سے 12 افراد کی جماعت کی اجازت دے گی لیکن حکومت نے صرف 3 سے 5 افرد کی جماعت کی اجازت دی، یہ تعداد کم ہے تاہم حکومت نے ہدایت کردی تو مزاحمت کرنا مناسب نہیں ہے جب کہ مساجد بند نہیں کی گئی بلکہ ان کی تعداد کم کی گئی ہے لہذا مسجد نہ آنے والوں پر کوئی گناہ نہیں ہوگا، کیوں کہ کورونا وبا کی علامات جو ظاہر ہورہی ہیں، ماہرین نے اس بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے۔

بعد ازاں مفتی تقی عثمانی نے جامعہ دارالعلوم کراچی کے لیٹر ہیڈ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام بھی کیا جس میں مفتی اعظم پاکستان رفیع عثمانی کے دستخط بھی موجود ہیں۔

پریس ریلیز میں لوگوں سے اپیل کی کہ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے جمعہ کی نماز میں شرکت سے منع کیا ہے لوگ اس کی پابندی کریں اور جو لوگ جمعہ میں شریک نہیں ہوں گے وہ شرعاً معذور ہیں، ایسے لوگ اپنے مقام پر نماز ادا کریں اور جمعہ کے علاوہ دیگر نمازوں میں بھی انہیں احکامات پر عمل کیا جائے اور نماز کے بعد توبہ استغفار اور دعا کا اہتمام کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔