سندھ حکومت کے محنت کشوں کے گھر راشن پہنچانے کے انتظامات مکمل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 28 مارچ 2020
صوبے کے ہر ضلع کو ابتدائی طور پر 2 کروڑ روپے جاری، ہر ضلع میں چار رکنی کمیٹی قائم

صوبے کے ہر ضلع کو ابتدائی طور پر 2 کروڑ روپے جاری، ہر ضلع میں چار رکنی کمیٹی قائم

 کراچی: سندھ حکومت نے یومیہ بنیادوں پر کمانے والے محنت کشوں کو ان کے گھروں پر راشن پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلیے۔

سندھ حکومت کے مطابق اس سلسلے میں صوبے کے ہر ضلع کو ابتدائی طور پر 2 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں،ہر ضلع میں منتخب نمائندوں اور ضلعی ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں تشکیل کردہ چار رکنی کمیٹی کام کرے گی جو کہ ریونیو، یونین کونسل، علاقے کی فعال فلاحی تنظیم (این جی او) اور علاقے کے معزز فرد پر مبنی ہوگی، کمیٹی کل شام تک مستحقین کو راشن پہنچادینے کے کام کو یقینی بنائے گی۔

اس سلسلے میں تمام اضلاع میں مستحقین کا ڈیٹا تکمیل کے انتہائی مراحل میں ہے، لاک ڈاؤن کے سبب روزمرہ روزی سے محروم ہوجانے والے مستحقین کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے لیے راشن کی تقسیم کے ساتھ ساتھ صوبے میں زکوٰۃ کے مستحقین کی رقم کو بڑھا کر 6 ہزار کی جارہی ہے ۔
اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ کی سربراہی میں تشکیل کردہ سندھ حکومت کی کمیٹی نے امداد کی مستحقین تک فوری ترسیل کے لیے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کے دفتر میں آج اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات وسیم احمد، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، سیکریٹری خزانہ سندھ حسن نقوی، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن خالد حیدر شاہ، سیکریٹری کالج ایجوکیشن رفیق برڑو، سیکریٹری زکوٰۃ و عشر نے شرکت کی جبکہ صوبے کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔