مستحق افراد کی دہلیز تک راشن کی فراہمی آئندہ ہفتے شروع ہوگی، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2020

 اسلام آباد: ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق غریب مزدوروں، قلی اوریومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے گھر کی دہلیز پرراشن مہیا کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کے اندر ان احکامات پر پر با قاعدہ عمل درآمد ہوگا۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ  ریلیف پیکج کے تحت غریب مزدوروں اور دیہاڑی داروں کوراشن کی فراہمی پر کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پروگرام کے  لیے یوٹیلیٹی سٹورز کی انتظامیہ نے معلومات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ جس کے بعد ہر شہر  کے مستحق افراد کو ان کا قریبی یوٹیلیٹی سٹورراشن گھر پر پہنچائے گا۔ موبائل سے یوٹیلیٹی سٹورکے قائم کردہ نمبر پر شناختی کارڈنمبر اور گھر کے افراد کی تعداد بھیجنے کے بعدراشن فراہم کیا جائے گا۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور عمر لودھی کے مطابق ملک بھر کے تمام سٹورز پر ملازمین اور صارفین کیلئے ضروری حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسٹورز پر اشیاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی سیلز میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین اپنی جان کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت میں مصروف ہے ملک بھر کے تمام اسٹورز عوام کی سہولت کیلئے کھلے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اس مشکل گھڑی کے دوران بھی قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔